ایسا بہت کم ہی ہوتا ہے کہ صوبہ کا ڈی جی پی کسی تھانیدار کو فون کرکے اس کے کام کاج کی تعریف کرے لیکن یہ بہار کے ضلع کشن گنج میں یہ ممکن ہوا ہے۔
جی ہاں ضلع کے بہادرگنج تھانہ کے تھانیدار کو خود بہار کے ڈی جی پی گپتیشور پانڈے نے فون کرکے ان کے کام کاج کی تعریف کی۔ اس بارے میں خود بہادرگنج تھانہ کے تھانیدار سمن کمار سنگھ کہتے ہیں کہ جب میرے پاس ڈی جی پی صاحب کا فون آیا تو میں چونک گیا۔ سچ کہوں تو تھوڑا نروس بھی ہوگیا تھا لیکن جیسے ہی انہوں نے میرے اور میری ٹیم کے کام کی تعریف کرنی شروع کی اندر سے بہت خوشی محسوس ہوئی۔ پھر ہم نے صاحب کو وہ کارگزاری بھی سنائی جو لاک ڈاؤن کے دوران ہم نے ضرورت مندوں کے لئے کی تھی۔
دراصل بہار کے ڈی جی پی گپتیشور پانڈے ان دنوں ان سبھی پولیس افسران سے خصوصی گفتگو کر ان کی حوصلہ افزائی کر رہے ہیں جو لاک ڈاؤن کے دوران نہ صرف ایمانداری سے اپنی ڈیوٹی نبھا رہے ہیں بلکہ پولس اور پبلک کے درمیان بہتر رشتہ بنانے کی مہم میں جٹے ہوے ہیں۔
جب ڈی جی پی نے تھانیدار سمن کمار سنگھ سے پوچھا کہ ایسا کیا کام کر رہے ہیں جو پورے بہار میں آپ ہی کی چرچہ ہو رہی ہے اس پر سمن کمار سنگھ نے بتایا کہ دراصل یہ علاقہ کافی پچھڑا ہے اور یہاں غریبوں کی تعداد بہت زیادہ ہے۔
جب سے لاک ڈاؤن ہوا ہے تب سے لوگوں کا گزر بسر مشکل ہو گیا ہے۔ ایسے میں ہم لوگوں نے طے کیا کہ اپنی تنخواہ کا ایک حصہ ان غریبوں اور بے سہارا لوگوں کے لئے خرچ کیا جائے۔ ابھی تک ہم نے تقریباً 2 ہزار پریوار کے درمیان امدادی سامان تقسیم کئے ہیں جس میں چاول، دال، مسالہ، تیل، بسکٹ وغیرہ شامل ہے۔
یہی نہیں بلکہ بیماروں کو مفت دوائی بھی پہنچاتے ہیں۔ سہرسہ سے تعلق رکھنے والے بہادرگنج تھانیدار سمن کمار سنگھ آگے بتاتے ہیں کہ خود ان کی بیوی اس وقت دہلی ایمس میں زیر علاج ہے اور وہ کورونا وائرس سے جنگ میں اگلے مورچے میں لڑ رہی ہیں۔