ریاست اتر پردیش کے ضلع بارہ بنکی میں ہفتہ کو گاندھی جینتی سماروہ ٹرسٹ کی جانب سے سوشلسٹ لیڈر آچاریہ نریندر دیو کی سالگرہ کے موقع پر سماجواد کے موضوع پر ان کے نظریے کے متعلق ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
تقریب میں مقررین نے آچاریہ نریندر دیو کی شخصیت اور ان کے نظریات پر روشنی ڈالی اور سماجواد پر انکے نظرئے کو قابل تقلید قرار دیا۔
بارہ بنکی کے گاندھی بھون میں منعقد تقریب کا آغاز گاندھی جینتی سماروہ ٹرسٹ کے صدر پنڈت راج ناتھ شرما نے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ’’سردار ولبھ بھائی پٹیل کی سالگرہ منانے کے بجائے انہوں نے آچاریہ نریندر دیو کو اسلئے ترجیح دی کیونکہ کانگریس کے اقتدار میں آنے کے بعد نوکر شاہی اور سیاسی لیڈر مکمل طور سے بےقابو ہو گئے تھے اور پٹیل جی کانگریس کے اس نظام کے حامی تھے۔ جبکہ آچاریہ نریندر دیو نے اس نظام کی مخالفت میں کانگریس سے علیحدگی اختیار کی۔‘‘
انہوں نے کانگریس پارٹی کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا: ’’موجودہ دور میں نوکر شاہی اور سیاسی لیڈران کے بے قابو ہو نے کی اصل وجہ کانگریس ہی ہے اور اس نظام کو ختم کرنے کے لئے آچاریہ نریندر دیو کے سماجوادی نظرئے پر چلنے کی ضرورت ہے۔‘‘
اس موقع پر سینئر صحافی انل ترپاٹھی نے کہا کہ آچاریہ نریندر دیو کے نظریہ سماجواد اور آج کل کے سماجواد میں کافی فرق ہے۔ ’’آج لوگوں نے سماجواد کو ذات پات میں تبدیل کر دیا ہے، ضروری اس بات کی ہے کہ نئی نسل ان کے سماجواد کو سمجھ کر اس پر عمل کرے۔‘‘