ریاست اتر پردیش میں منگل کو 2983 نئے کیسز کی تصدیق کے بعد ریاست میں کورونا متاثرین کی تعداد ایک لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔ وہیں 41نئی اموات کے ساتھ مرنے والوں کی مجموعی تعداد1817ہوگئی۔
آفیشیل ذرائع کے مطابق اس وقت ریاست میں مصدقہ متاثرین کی مجموعی تعداد 100345 ہے جس میں سے 57271افراد مکمل طور سے شفایاب ہوکر اپنے گھروں کو جا چکے ہیں جبکہ 41222مریضوں کا مختلف کووڈ اسپتالوں میں علاج چل رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں میں 1878مریض صحت یاب ہوئے ہیں جبکہ گزشتہ 16دنوں میں تقریبا 50ہزار سے زیادہ کورونا متاثرین کی تصدیق ہوئی ہے جو کہ باعث تشویش ہے۔ تاہم گزشتہ کچھ دنوں سے نئے کیسز میں گراوٹ درج کی جا رہی ہے۔
ریاست کی راجدھانی لکھنؤ میں نئے کیسز میں اضافہ ہنوز جاری ہے۔ گزشتہ 24گھنٹوں میں 611نئے معاملے درج کئے گئے جبکہ 4نئے مریضوں کی موت واقع ہوئی ہے۔ اس وقت راجدھانی میں ایکٹیو کیسز کی تعداد 4638ہے۔
اسی طرح سے کانپور میں 259نئے مریضوں کی تصدیق ہوئی جبکہ 8مریضوں کی موت واقع ہوئی ہے وہیں وارانسی میں 109نئے مریض کورونا سے متاثر پائے گئے ہیں۔
ملک بھر میں عالمی وبا کورونا وائرس سے اب تک 18لاکھ سے زائد افراد متاثر ہو چکے ہیں وہیں اس دوران 12لاکھ 35ہزار صحت یاب ہو چکے ہیں، جبکہ 39ہزار سے زائد افراد اس وبائی مرض سے فوت ہو چکے ہیں۔
امریکہ (48لاکھ) اور برازیل (27لاکھ) کے بعد کورونا متاثرین کی سب سے زیادہ تعداد بھارت میں موجود ہے۔