اجئے کمار للو نے پارٹی کے ریاستی ہیڈکوارٹر میں ترنگا لہرایا۔ اس موقع پر پرچم بردار کے طور پر موجود سیوا دل کے چیف آرگینائزر ڈاکٹر پرمود کمار پانڈے نے سیوا دل کے روایتی پوشاک میں سینئر رہنماؤں کو قدم تال کراتے ہوئے پرچم کے مقام تک لاکر یوم جمہوریہ کی مبارکباد دی۔
ریاستی کانگریس کے صدر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج بہت ہی فخر کا دن ہے۔ لاتعداد معلوم نا معلوم شہداء کی قربانیوں کے بعد یہ ملک آزاد ہوا تھا اور اس کے بعد اس ملک میں آج ہی کے دن ہمارا آئین نافذ ہوا تھا۔
انہوں نے کہا کہ پچھلے دو مہینوں میں 125 سے زیادہ کسانوں نے اپنی جانیں قربان کر دی ہے۔ ان کا مطالبہ ہے کہ تینوں زرعی قانون منسوخ کیے جائیں لیکن آمرانہ حکومت ان سنی کر رہی ہے۔ آج نہ صرف کسان تحریک ہے بلکہ نوجوان، طلبہ اور خواتین سماج کا ہر طبقہ پریشان ہے۔
انہوں نے کہا کہ پچھلے 45 برسوں میں بے روزگاری اپنے بلند مقام پر ہے۔ خواتین جرائم میں یوپی ٹاپ پر ہے۔ تمام تقرریاں بدعنوانی کی نذر ہوچکی ہیں۔ آئین نے ہمیں حکومت کی غلط پالیسیوں کی مخالفت کرنے کا حق دیا ہے لیکن آج بی جے پی کی حکومت استحصال کے دم پر ہر مخالفت کو کچلنے کا کام کررہی ہے۔
اس موقع پر گزشتہ دنوں ریاست کی یوگی حکومت کی کاروائی میں جیل گئے لکھنؤ کے 48 کانگریس کارکنان کو پھول مالا پہنا کر اور گمچھے سے نوازا گیا۔
(یو این آئی)