اطلاعات کے مطابق اترپردیش کی اے ٹی ایس نے ضلع علی گڑھ تھانہ کوتوالی کے مقدم نگر علاقے سے محمد رفیق اور محمد آمین کو غیر قانونی روہنگیا پناہ گزیں قرار دیتے ہوئے گرفتار کر لیا ہے۔
پولیس کے مطابق ضلع علی گڑھ کے علاقہ مقدوم نگر سے مبینہ طور پر دو غیر قانونی روہنگیا پناہ گزیں گرفتار کیے گئے ہیں۔ پولیس نے گرفتار ملزمین کا تعلق میانمار کی روہنگیا کمیونٹی سے بتایا ہے۔ ان پر الزام ہے کہ وہ جعلی دستاویزات تیار کر کے غیر قانونی طریقے سے بھارت میں مقیم ہیں۔' پولیس نے ان پر اسمگلنگ کا بھی الزام عائد کیا ہے۔
پولیس نے ایک ملزم کی شناخت محمد رفیق ولد حسین کے طور پر بتائی ہے جس کا موجودہ پتہ تھانہ کوتوالی علاقہ مقدوم نگر علی گڑھ ہے۔ جبکہ دوسرے ملزم کا نام محمد آمین ولد حسین ہے جس کا موجودہ پتہ تھانہ کوتوالی علاقہ مقدوم نگر علی گڑھ ہے۔
پولیس نے ان کے قبضے سے 2 یو این ایچ سی آر کارڈ، ایک موبائل فون، 770 روپے، 6 عدد پیلی دھات کے بسکٹ برآمد کرنے کا دعوی کیا ہے۔
خبروں کے مطابق گرفتار ملزمین سے اے ٹی ایس پوچھ گچھ کرسکتی ہے۔