گزشتہ روز گری راج سنگھ نے یہ کہہ کر عالم اسلام میں سنسنی پھیلا دی تھی کہ ’’حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم اور ان کی بیٹی حضرت فاطمہ زہرا رضی اللہ عنہا پر بھی فلم بننی چاہیے۔‘‘
ملک بھر میں گری راج کے اس بیان کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی جارہی ہے۔
اترپردیش کے دارالحکومت لکھنؤ میں شیعہ عالم دین مولانا کلب جواد نقوی نے بھی گری راج کے بیان کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ’’کسی بھی پارٹی کا کوئی بھی لیڈر ہو، اگر اچھا ہے تو ہم اس کی حمایت کرتے ہیں اگر وہ برا ہے تو ہم اس کی مخالفت کرتے ہیں۔‘‘
مولانا کلب جواد نے کہا کہ ’’میں چاہتا ہوں کہ گری راج بیگو سرائے سے ہر حال میں شکست کھائیں اور کبھی بھی پارلیمنٹ میں نہ پہنچے۔‘‘
اس کے ساتھ ہی مولانا کلب جواد نے چوک کوتوالی میں گری راج کے خلاف تحریر دی اور الیکشن کمیشن سے بھی مطالبہ کیا کہ گری راج کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کی جائے تاکہ مستقبل میں اس طرح کے بیانات سے سبھی گریز کریں۔