پولیس سپرنٹنڈنٹ آکاش تومر نے جمعرات کی شام پولیس لائن میں منعقدہ پریس کانفرنس کو خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ' شبھم کمار کوری ساکن کٹریہ تھانہ اودے پور نے پولیس کو مطلع کیا کہ 30 مارچ کی شام ڈبّو سنگھ و ان کے بھائی کپیل نے گاؤں میں زہریلی شراب تقسیم کی تھی، جس کے پینے سے اس کے چچا رام ملن و گاؤں کے پردیپ کوری، دلیپ کوری، آہر بیہر گاؤں کے رام کمار پرجاپتی، رتیا پور گاؤں کے رام پال سروج اور راکی گاؤں کے سدھناتھ سمیت سات افراد کی موت ہو چکی ہے مزید تین لوگ زیر علاج ہیں۔
پولیس شبھم کی شکایت پر ڈبّو سنگھ و کپیل سنگھ، اشوک و بابو لال ساکنان کٹریہ و گھمنڈو سنگھ عرف جے پرکاش سمیت پانچ ملزمان کے خلاف سنگین دفعات میں کیس درج کر کے انہیں گرفتار کر لیا ہے۔ گرفتار ملزم کے قبضے سے 71 بوتل ملاوٹی شراب برآمد کی گئ ہے۔
شراب مافیا پون سنگھ و شیرے فرار ہیں ۔گرفتار ملزم ڈبّو و کپیل نے اعتراف کیا کہ' ملاوٹی شراب اس کے ساتھی سابق پردھان پون سنگھ و دیگر ساتھیوں کے ذریعہ تیار کی جاتی ہے۔ یہی شراب انہوں نے گاؤں میں تقسیم کی تھی، جس کے سبب متعدد افراد کی موت ہوئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ' ایس ایچ او و ایس آئی او، کانسٹبل سمیت تین پولیس اہلکاروں کو معطل کیا گیا ہے۔