ریاست اترپردیش کے دارالحکومت لکھنؤ کے زنانہ پارک میں آل انڈیا تعلیم گھر و بزم خواتین کے زیر اہتمام 'حیات اللہ انصاری ایک عہد ساز شخصیت' کے عنوان پر سمینار منعقد کیا گیا۔
ای ٹی وی بھارت سے بات چیت کے دوران بزم خواتین کی صدر بیگم شہناز سدرت نے کہا کہ آج حیات اللہ انصاری اور رفیع احمد قدوائی پر سمینار منعقد کیا گیا، جس کا مقصد نئی نسل کو ان کے بارے میں معلومات فراہم کرانا، کیونکہ دونوں ہی بڑی شخصیت تھے اور ملک و ملت کے لیے نمایاں کردار ادا کیا ہے۔
بیگم شہناز سدرت نے بتایا کہ یہ دونوں بڑی اہم شخصیت رہی ہیں لیکن آج حکومتوں نے، سماج نے، قوم نے اور ادب کے لوگوں نے تقریبا انہیں بھلا دیا ہے، لہذا ضرورت ہے کہ ہم اپنے بزرگوں پر سیمنار منعقد کریں تاکہ آنے والی نسلیں ان کو فراموش نہ کرسکیں۔
انہوں نے کہا کہ جو قوم یا ملت اپنے بزرگوں کو، اپنی روایات اور اپنی تہذیب کو بھلا دیتی ہے، وہ قوم غفلت میں چلی جاتی ہے، لہٰذا ہمیں اپنی قوم کو بیدار کرتے رہنا چاہیے اور وقتا فوقتا سیمنار منعقد کرانا چاہیے۔
قابل ذکر ہے کہ بزم خواتین کے زیر اہتمام ہر ماہ 'زنانہ پارک' میں ملک و ملت کے لیے نمایاں کردار ادا کرنے والی شخصیات پر سمینار منعقد کیا جاتا ہے، بیگم شہناز سدرت کے مطابق اس طرح کے پروگرام سے نئی نسل کو اپنے بزرگوں کو جاننے اور سمجھنے کا موقع ملتا ہے، اور اس سے ہم ان کے تعلیمات کو عام کر سکتے ہیں۔