بھارتی کسان یونین کے قومی سربراہ راکیش ٹکیت اپنے طے شدہ پروگرام کے تحت آج رامپور پہنچے، جہاں انہوں نے کسان یونین سے وابستہ کسانوں سے خطاب کیا۔ اس دوران نامہ نگاروں کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے حکومت اور افسران کو اپنی سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔
رامپور میں ایم ایس پی پر دھان خرید معاملے میں کسان یونین کے ضلع صدر حسیب احمد کے الزامات کو ضلع افسران کے ذریعہ تردید کیے جانے پر اپنے غصہ کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 'ہماری جانب سے جو الزامات لگائے گئے ہیں آپ اس کی جانچ کرالیں'۔
انہوں نے کہا کہ 'ایسے کیسے ہمارے الزامات جھوٹے ہوسکتے ہیں۔ کیا کھسرا نمبر بھی جھوٹے ہیں'؟ ٹکیت نے کہا کہ 'ملک میں کوئی تو ایجنسی ایسی ہوگی کہ جہاں غیر جانب داری سے جانچ ہوجائے'۔
مزید پڑھیں: یوم آزادی پر دہلی میں کسان ریلی نہیں ہوگی، سخت حفاظتی انتظامات
انہوں نے کہا کہ 'رامپور بھارت میں بدعنوانی کا سب سے بڑا مرکز بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کا سب سے زیادہ استحصال بھی یہیں رامپور میں ہورہا ہے'۔