کورونا وائرس کا خوف بڑھتا ہی جا رہا ہے۔ کورونا کے خلاف ریاستی حکومت کے سخت فیصلوں کے بعد رامپور میں بھی اس تعلق سے سخت انتظامات کیے جا رہے ہیں۔
رامپور کے ضلع مجسٹریٹ آنجنئے کمار سنگھ نے سوشل میڈیا پر اپنا آڈیو پیغام جاری کرکے عوام کو اس وائرس کے خلاف کچھ رہنما اصولوں سے روشناس کرایا۔
اپنے آڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ ملک میں کورونا وائرس کا اثر ابھی اتنا تو نہیں ہے لیکن پھر بھی اس خطرناک بیماری سے بچنے کے لیے اگر کچھ باتوں پر عمل کر لیا جائے تو اس وائرس سے بہت حد تک بچا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ صاف صفائی کا خاص خیال رکھیں۔ضلع میں باہر ممالک سے آنے والے لوگوں پر نگاہ رکھیں اور اس کی جانکاری فوری طور پر ضلع انتظامیہ اور ہسپتال انتظامیہ کو دیں۔کسی بھی پارک، شاپنگ مال، سنیما گھروں میں فی الحال نہ جائیں، خاص طور پر عوامی مقامات پر بھیڑ کو جمع نہ ہونے دیں۔ جب بھی باہر سے گھر میں داخل ہوں تو کم از کم 20 سیکنڈ تک ہاتھوں کو صابن سے اچھی طرح دھو لیں۔ کھانستے، چھینکتے وقت نیپکن یا رومال کو ناک اور منہ پر لگائیں۔کسی بھی شخص سے ہاتھ نہ ملائیں، سلام اور نمستے سے کام چلا لیں۔سوشل میڈیا پر وائرل کی جا رہی پوسٹوں کو بغیر تحقیق کے آگے نہ بڑھائیں۔
آخر میں انھوں نے کہا کہ یقین مانیں آپ اور ہم سب مل کر اس بیماری کو نہ صرف پھیلنے سے روک سکتے ہیں بلکہ اس ملک سے باہر بھی کر سکتے ہیں۔ اس لیے صحت مند رہیے اور اپنے ضلع کو صحت مند بنانے میں انتظامیہ کا تعاون کریں۔