ریاست اترپردیش کے ضلع بارہ بنکی میں گاندھی جینتی کے موقع پر حزب اختلاف نے ہاتھرس سانحہ کے تعلق سے ریاستی حکومت کے خلاف پر امن احتجاج کیا، اس موقع پر سماجوادی پارٹی اور کانگریس کے کارکنان نے خاموش احتجاج کیا جبکہ بھارتیہ کمیونسٹ پارٹی نے وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ سے استعفے کا مطالبہ کیا۔
سماجوادی پارٹی کے کارکنان نے پارٹی دفتر کے سامنے دو گھنٹے تک خاموش رہ کر ستیہ گرہ کیا، ضلع صدر حافظ عیاز کی قیادت میں ایس پی کارکنان نے شرکت کی اور ہاتھرس واردات کو لیکر حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔
وہیں کانگریس پارٹی نے بھی گاندھی جینتی کے موقع پر پرامن احتجاج کیا، کانگریس کارکنان نے شہر کے بالمیکی مندر میں تین گھنٹوں تک خاموشی رکھ کر ہاتھرس کی بیٹی کے لیے انصاف کا مطالبہ کیا۔ کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا نے گاندھی بھون میں مہاتما گاندھی کے مجسمے کے نیچے احتجاج کرتے ہوئے یوگی آدتیہ ناتھ سے استعفیٰ کا مطالبہ کیا۔
مزید پڑھیں: ہاتھرس میں میڈیا اور سیاسی رہنماؤں پر پابندی کیوں؟
واضح رہے کہ 19 سالہ دلت بچی جو ہاتھرس میں اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنی تھی، اس کا منگل کی صبح صفدرجنگ اسپتال میں انتقال ہوگیا تھا۔ 14 ستمبر کو ضلع ہاتھرس کے چاندپا پولیس تھانہ علاقے میں ایک گاؤں میں مبینہ طور پر ایک لڑکی کے ساتھ اجتماعی عصمت دری کی گئی تھی۔ پولیس نے اس معاملے میں چار ملزمان کو گرفتار بھی کیا ہے۔