شراوستی ضلع مجسٹریٹ یشو رستوگی نے قرنطینہ کا معائنہ کیا۔ حالات صحیح نہ ہونے کی صورت میں انہوں کاروائی کرتے ہوئے افسر کو معطل کر دیا۔
معائنہ کے دوران بلاک جمنا کے پرائمری اسکول اوداہی میں انتہائی غیر اطمینان بخش انتظامات پائے گئے، اس اسکول میں مجموعی طور پر 16 افراد کو قرنطینہ میں رکھا گیا ہے۔ ان لوگوں سے بات کرنے پر معلوم ہوا کہ ان کو حقیقی طور 03 اپریل سے رکھا گیا ہے، لیکن ان کو متعلقہ گاؤں پردھان اور سکریٹری کے ذریعہ ریکارڈ میں 02 اپریل سے قرنطینہ دکھایا جارہا ہے جو کہ سراسر حکومت کو معاشی نقصان پہنچانے کی نیت سے ریکارڈ جعلی طریقے سے تیار کیے گئے تھے۔
گاؤں پردھان اور سکریٹری کے ذریعہ 03 اپریل سے ان کے لئے چائے، ناشتہ اور کھانے کی فراہمی نہیں کی گئی ہے جبکہ ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ نے ہر فرد کے لئے مرکز میں ناشتہ، دوپہر کے کھانے اور رات کے کھانے کے لئے روزانہ 90 روپے کے حساب سے رقم کی فراہمی کرائی ہے۔
اس کے باوجود گائوں کے سربراہ اور سکریٹری کی طرف سے اس مرکز پر کھانے کا کوئی انتظام نہیں کیا گیا تھا۔ اس پر ضلع مجسٹریٹ نے سخت اقدامات کرتے ہوئے بلاک ڈیویلپمنٹ آفیسر جمنا کی سخت سرزنش کی اور گاؤں کے سربراہ کو 14 دن کے لئے جیل بھیج دیا گیا۔
اس کے ساتھ ہی ان پر ایف آئی آر بھی درج کرائی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ سکریٹری نان بابو یادو کو فوری طور پر معطل کردیا گیا۔
ضلع مجسٹریٹ کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ قرنطینہ میں مقیم لوگوں کے لئے ناشتہ اور کھانے کی فراہمی میں کسی بھی قسم کی لا پرواہی ناقابل برداشت ہو گی۔