ریاست اترپردیش کے رامپور میں ڈسٹرکٹ لیگل سروسز اتھارٹی کے سکریٹری رمیش کشواہا نے ضلعی عدالت کے کانفرنس ہال میں منعقدہ پریس کانفرنس میں کہا کہ عدالتوں میں زیر التواء معاملوں کی سماعت اور اس کا تصفیہ کرنے کے لیے 10 جولائی کو قومی لوک عدالت کا انعقاد کیا جائے گا۔
رمیش کشواہا نے بتایا کہ کورونا وائرس کے دوران عدالت کا عمل بند رہنے کے سبب متعدد معاملے عدالتوں میں زیر التواء ہیں۔ جس سے عدالتوں پر کام کا دباؤ بڑھتا چلا جا رہا ہے۔ اسی کے پیش نظر چیف جسٹس آف انڈیا کے احکامات کے مطابق پورے ملک کی ہر ضلعی عدالت میں قومی لوک عدالت کا انعقاد کیا جائے گا۔ اسی ضمن میں رامپور میں 10 جولائی کو قومی لوک عدالت کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔
مزید پڑھیں: بارہ بنکی: مسجد انہدام معاملے میں مخالف پارٹیوں کو نوٹس جاری
لوک عدالت کے فوائد بتاتے ہوئے رمیش کشواہا نے کہا کہ اس میں فریقین کے درمیان باہمی صلح کی بنیاد پر معاملات کو حل کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوک عدالت میں کسی بھی قسم کی کوئی فیس نہیں لی جائے گی۔ ساتھ ہی عدالت میں زیر التواء معاملات کا لوک عدالت میں تصفیہ ہونے پر عدالتی فیس کی واپسی کا بھی نظم رہے گا۔