ریاست اتر پردیش کے دارالحکومت لکھنؤ کے گھنٹہ گھر میں شہریت ترمیمی قانون کے خلاف دھرنے پے بیٹھنے والی خواتین نے آج آٹھویں دن بھی اپنا احتجاج جاری رکھا ہے۔ گزشتہ ہفتے بعد نماز جمعہ صرف 13 خواتین نے یہ احتجاجی دھرنا شروع کیا تھا لیکن صرف ایک ہفتہ بعد آج ہزاروں خواتین نے دھرنے میں شرکت کی ہے۔
خواتین کی حوصلہ افزائی کے لیے عالمی شہرت یافتہ شیعہ مولانا کلب صادق نے دھرنے پر بیٹھیں خواتین سے ملاقات کرکے ان کی ہمت افزائی کی اور ان خواتین سے کہا کہ 'آپ حکومت سے خوف زدہ نہ ہوں، کامیابی آپکی ہوگی'۔
مزید پڑھیں: سی اے اے کے حمایتی مظاہرہ کے دوران پتھراؤ، حالات کشیدہ
انہوں نے مزید کہا کہ 'خواتین کا احتجاج دیکھ کر مجھے آج فخر محسوس ہو رہا ہے اور خواتین کو مودی یا امت شاہ سے ڈرنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے'۔
مولانا نے کہاکہ'خواتین مردوں کو پیدا کرتی ہیں یہ ہماری مائیں بہنیں اور بیٹیاں ہیں۔ انہیں چاہئے کہ پورے عزم کے ساتھ اپنے احتجاج پر ڈٹی رہیں اور کسی کے بہکاوے میں نہ آئیں۔
انہوں وزیر اعلی اتر پردیش یوگی آدتیہ ناتھ پر سخت نکتہ چینی کرتے ہوئے کہاکہ'لکھنوں تمیز والوں کا شہر ہے لیکن یوگی آدتیہ ناتھ کو بات کرنا نہیں آتا۔