اتر پردیش کے ضلع مئو میں زیر تعمیر فورلین شاہراہ پر تنازعہ کھڑا ہو گیا ہے۔ کچھ گاؤں کے باشندوں نے معاوضہ نہ دیے جانے کا الزام عائد کیا ہے۔ اس پروجکٹ کے لیے کاشتکاروں سے زمین کا مالکانہ حق نیشنل ہائی وے اتھارٹی آف انڈیا کو منتقل کیے جانے کا معاہدہ کیا گیا۔ آج این ایچ آئی کی ٹیم جب انتظامیہ اور پولس فورس کے ساتھ مؤ ضلع کے موضع حاجی پور میں سڑک تعمیر کرانے پہنچی تو مقامی باشندوں نے سخت احتجاج کیا۔
حاجی پور کے باشندوں کا کہنا ہے کہ بغیر معاوضہ ادا کیے NHAI زمین پر قابض ہونا چاہتا ہے۔ مقامی لوگوں کا مطالبہ ہے کہ حکومت پہلے ان کو معاوضہ جاری کرے پھر سڑک تعمیر کرائے۔ اس ضمن میں جب NHAI کے افسران سے بات چیت کی کوشش کی گئی تو انہوں نے کچھ بھی کہنے سے انکار کر دیا۔ واضح رہے کہ این ایچ 29 کو وارانسی سے نیپال بارڈر تک فورلین میں تبدیل کیے جانے کو منظوری مل چکی ہے۔
فور لین تعمیر کے لیے کاشتکاروں کی بھی سینکڑوں ایکڑ اراضی کی پیمائش کی گئی ہے۔ حالانکہ کاشتکاروں کا کہنا ہے کہ انہیں زمین کے عوض میں کوئی رقم ادا نہیں کی گئی ہے۔ کثیر تعداد میں یکجا ہوئے مقامی باشندوں نے سڑک جام کر دی۔