اترپردیش حکومت اور یو پی عربی فارسی مدرسہ بورڈ کی جانب سے مدارس میں آن لائن تعلیم شروع کرنے کے احکامات جاری ہونے کے بعد مدارس میں آن لائن تعلیم کی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔
اس تعلق سے مدارس انتظامیہ طلبا سے رابطہ کررہے ہیں تاکہ آن لائن کلاسز کے لیے تمام تیاریاں مکمل کرنے کے بعد جلد از جلد تعلیم کے سلسلے کا آغاز کیا جا سکے۔
واضح رہے کہ اسی ہفتہ ریاستی وزیر برائے اقلیتی بہبود نند گوپال نندی نے ریاست کے مدارس میں آن لائن تعلیم شروع کرنے کی ہدایت دی تھی۔ ان کی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے یوپی عربی فارسی مدرسہ بورڈ کے رجسٹرار کی جانب سے تمام مدارس کو آن لائن تعلیم شروع کرنے کے بھی احکامات جاری کیے ہیں۔
مدرسہ بورڈ کے حکم کی تعمیل میں مدارس انتظامیہ نے تیاریاں شروع کر دی ہیں، مدارس تمام طلبا کا واٹس ایپ نمبر حاصل کررہے ہیں جس کے بعد ہی مکمل ٹائم ٹیبل تیار کیا جائےگا۔ تاکہ تعلیم کے دوران کسی بھی قسم کا کوئی مسئلہ پیش نہ آئے اور اس کے بعد تعلیمی سلسلے کا آغاز ہو جائے گا۔