ریاست اترپردیش کے شہر بارہ بنکی میں جذام جیسی مہلک بیماری کے تئیں عوام کو محفوظ رکھنے کے لیے ایک بیداری مہم چلائی گئی ہے جس کے پیش نظر بارہ بنکی میں 'دی لیپروسی مشن ہسپتال' کی جانب سے میڈیا ملازمین کے لیے خصوصی ورکشاپ کا اہتمام عمل میں آیا۔
اس ورکشاپ میں میڈیا ملازمین کو جذام سے متعلق تمام ضروری معلومات فراہم کی گئیں۔
واضح رہے کہ حکومت اور 'دی لیپروسی مشن' کی تمام کوششوں کے باوجود ملک میں ہر سال تقریباً سوا لاکھ جذام کے مریض سامنے آتے ہیں۔
سننے میں یہ تعداد بڑی ضرور لگتی ہے، لیکن راحت کی بات یہ ہے کہ کافی بڑی تعداد میں مریض بہتر علاج کی وجہ سے صحتیاب بھی ہوجاتے ہیں۔
جذام ایک ایسی بیماری ہے جو سماج میں اچھی نظروں سے نہیں دیکھی جاتی اور آج بھی اسے چھوا چھوت کی ہی بیماری مانا جاتا ہے لیکن مرکزی حکومت اور دی لیپروسی مشن کی تحقیق سے واضح ہوگیا ہے کہ یہ بیماری چھوا چھوت کی نہیں۔
اس کا مفت علاج ممکن ہے اور جذام سے معذور شخص علاج کے بعد بہتر طور سے زندگی بھی گزار سکتا۔
انہیں تمام ضروری موضوعات پر دی لیپروسی مشن کے افسران اور ٹرینرز نے میڈیا ملازمین کو تفصیلی معلومات فراہم کی تاکہ اس سے سماج کے دیگر طبقے بیدار ہو سکیں۔
جذام ایک ایسی بیماری ہے کہ اس کا اندازہ فوراً نہیں لگایا جاسکتا، اس کی کچھ علامتیں ہیں جو سامنے آنے پر ہی ماہرین اسے جزام قرار دے سکتے ہیں۔
ملک کو جذام جیسی خطرناک بیماری سے پاک رکھنے کے لیے صرف شعور بیداری کی ضرورت ہے ناکہ جذام کے مرض سے پاک رہا جاسکے۔