اترپردیش کے ضلع اٹاوہ کے بلرئی پولیس نےغیر قانونی طور سے درختوں کو کاٹنے والے چار ملزموں کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے کثیر مقدار میں لکڑی برآمد کی ہے۔
سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس آکاش تومر نے پیر کو بتایا کہ گزشتہ رات بلرئی علاقے میں گاڑیوں کی چیکنگ کے دوران پولیس کو مخبر سے اطلاع ملی تھی کہ کچھ لوگ نگلا وشنو میں لکڑی کا غیر قانونی کاروبار کررہے ہیں۔
اطلاع کی بنیاد پر پولیس ٹیم نے نگلا وشنو میں چھاپہ مارا اور غیرقانونی طور سے کٹی ہوئی لکڑیوں کو ٹرکٹر میں رکھنے کے دوران چار افراد کو گرفتار کرلیا۔
انہوں نے بتایا کہ گرفتار افراد میں رما کانت، شیلندر سنگھ، ونتی رام اور راکیش سنگھ نے پولیس کو بتایا کہ وہ لوگ لکڑی کو کاٹ کر فروخت کرنے کا کام کرتے ہیں اور ان کے پاس کوئی سرٹیفکیٹ نہیں ہے۔ پولیس نے چاروں کے خلاف جنگلات تحفظ ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر کے انہیں جیل بھیج دیا ہے۔