اترپردیش کے ضلع ہردوئی میں بدھ کے روز ایک دل دہلا دینے والا واقعہ سامنے آیا ہے۔ مجھیلا تھانہ حلقہ کے تحت پانڈے تارا گاؤں میں ایک باپ نے عشق کے شبہ میں اپنی ہی بیٹی کا تیز دھاردار اسلحہ سے گلہ کاٹ کر بے دردی سے قتل کر دیا۔ اس جرم کو انجام دینے کے بعد قاتل باپ سر لے کر تھانے پہنچ گیا۔ پولیس نے ملزم باپ کو تحویل میں لے لیا ہے اور واردات کی تحقیقات کر رہی ہے۔
پانڈے تارا گاؤں کے رہائشی سرویش کمار کی 17 سالہ بیٹی نیلم انٹرمیڈیٹ کی طالبہ تھی۔ بتایا جارہا ہے کہ نیلم کا اپنے کنبہ کے کزن آدیش سے عشق تھا۔ دونوں کو دو دن قبل نیلم کے والد سرویش نے ایک ساتھ دیکھا تھا، جس کے بعد سے وہ ناراض تھا۔
نیلم کے عشق سے ناراض سرویش نے نیلم اور آدیش دونوں کے قتل کا منصوبہ بنایا تھا، بدھ کو گھر میں بیٹی کو اکیلا دیکھ کر سرویش نے گھر کا دروازہ بند کیا اور دھاردار کلہاڑی سے اس کا گلہ کاٹ کر بے دردی سے قتل کر دیا۔
واردات کو انجام دینے کے بعد قاتل باپ نے بیٹی کے کٹے ہوئے سر کو لے کر تھانے کی جانب پیدل ہی نکل گیا۔ اس دوران راستے میں جس نے بھی سرویش کے ہاتھ میں کٹے ہوئے سر کو دیکھا وہ خوف زدہ ہو کر رہ گیا۔
مقامی لوگوں نے پولیس کو واردات کی اطلاع دی۔ اطلاع ملتے ہی راستے میں پولیس نے ملزم والد کو کٹے ہوئے سر کے ساتھ اپنی تحویل میں لے لیا۔ اطلاع ملنے پر سپرنٹنڈنٹ پولیس انوراگ وتس بھی ملزم کے گھر پہنچے اور واردات کی چھان بین کی۔
ہلاک شدہ کی لاش کو قبضہ میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دیا گیا ہے۔