ریاست اتر پردیش کے ضلع لکھیم پور کھیری کے ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ شیلندر کمار سنگھ نے پیر کو تصدیق کرتے ہوئے کہا ’’صبح نو مریضوں کی رپورٹ موصول ہوئی ہے جس میں ایک ڈاکٹر کی رپورٹ مثبت آئی ہے۔‘‘
انکا مزید کہنا تھا کہ ’’دیگر آٹھ کی رپورٹ منفی ہے۔ متاثرہ ڈاکٹر ضلع اسپتال میں تعینات تھے۔‘‘
لکھیم پور کھیر ی میں ابھی تک کورونا وائرس کا کوئی مریض نہیں تھا اور ضلع کو گرین زون میں رکھا گیا تھا۔
قابل ذکر ہے کہ ملک میں کورونا وائرس کے نئے مثبت کیسز میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے اس مہلک وائرس کے سبب ملک بھر میں 2200سے بھی زیادہ اموات درج کی جا چکی ہیں جبکہ 67,259افراد اس کی لپیٹ میں آ چکے ہیں۔
کورونا وائرس کے سبب پورے عالم میں دو لاکھ 80ہزار سے زیادہ اموات درج کی جا چکی ہیں جس میں سب سے زیادہ اموات امریکہ میں 80ہزار درج کی جا چکی ہیں۔