یوگی نے لاک ڈاون کی جائزہ میٹنگ میں کہاکہ مارچ کے پہلے ہفتہ میں جب ریاست میں کووڈ۔19کا پہلا معاملہ روشنی میں آیا تھا اس وقت ریاست میں اس کی ٹیسٹنگ صلاحیت صرف پچاس تھی۔ مرکزی حکومت کے تعاون سے اس وقت ریاست کی ٹیسٹنگ صلاحیت کو بڑھاکر دس ہزار سے زیادہ کرلیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ریاست میں ایل۔1، ایل۔2 اور ایل۔3کووڈ اسپتالوں میں بیڈ کی مجموعی گنجائش بڑھا کر ایک لاکھ سے زیادہ کرلی گئی ہے۔
ریاست میں کووڈ اسپتالوں اور دیگر طبی سہولیات کو مزید مضبوط کئے جانے کے ساتھ ہی، کووڈ۔19کی ٹیسٹنگ صلاحیت کو پندرہ جون تک بڑھا کر 15ہزار کئے جانے اور اس مہینہ کے آخر تک بڑھا کر 20ہزار کئے جانے کے احکامات دیے گئے ہیں۔
وزیر اعلی یوگی نے کہاکہ اب ہر ضلع میں ایل۔1اور ایل۔2کووڈ اسپتال دستیاب ہیں۔ ایل۔1کووڈ اسپتالوں میں عام بیڈ کے ساتھ ہی آکسیجن کی سپلائی کی سہولت والے بیڈ بھی دستیاب ہیں جبکہ ایل۔2کووڈ اسپتالوں میں آکسیجن والے بیڈ کے ساتھ ہی، وینٹی لیٹر کی سہولت والے بیڈ بھی دستیاب ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یکم جون سے شروع ہونے والی ٹرین سروس کی وجہ سے ریلوے اسٹیشنوں پر مسافروں کی مکمل اسکریننگ کی جائے گی۔ انہوں نے اسکریننگ کے لئے ریلوے اسٹیشنوں پر انتظامیہ، پولیس اور محکمہ صحت کے حکام کو تعینات کئے جانے کی ہدایت دی۔