کملیش تیواری کے قتل کے معاملے میں اب سیاسی پارٹیوں نے حکومت کو گھیرنا شروع کر دیا ہے۔ کانگریس کے ریاستی صدر اجے کمار للو اور کانگریس کے ایک اور رہنما ارادھنا مشرا مونا نے محمودآباد میں واقع ان کے گھر پر پہنچ کر متاثر خاندان سے ملاقات کی اور خاندان کو انصاف دلانے کی یقین دہانی کرائی۔
خیال رہے کہ ہندو سماج پارٹی کے قومی صدر کملیش تیواری کو جمع کے روز لکھنؤ میں قتل کر دیا گیا تھا۔
متاثر خاندان سے ملاقات کرنے کے بعد اجے کمار للو نے میڈیا سے کہا کہ ریاست بھر میں قتل اور ریپ کے حادثوں کا دور چل رہا ہے۔ یہاں تک کہ جمہوریت کے چوتھے ستون میڈیا کو بھی نہیں بخشا جا رہا ہے۔ انہوں نے کملیش تیواری کے قتل میں جانچ کرانے اور انہیں تحفظ دینے کا مطالبہ کیا۔
انہوں نے مذید کہا کہ متاثر خاندان کی باتوں کو نظر انداز کیا جا رہا ہے۔ ان کے احساسات کو سمجھا نہیں جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کملیش تیواری کے اہل خانہ کو وہ انصاف دلانے کے لیے سڑک سے پارلیمنٹ تک جدوجہد کرنے کو تیار ہیں۔