اترپردیش میں بریلی زون کے اے ڈی جی اویناش چندرا نے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ جس شخص کو بھی چائنیز مانجھے سے پتنگ اُڑاتے ہوئے پایا جائےگا، اُس کے خلاف دفعہ 144 کی خلاف ورزی کے تحت کارروائی کی جائےگی۔
گزشتہ چھ مہینے میں ایک درجن سے زائد لوگوں کی گردن کو زخمی کرنے والے چائنیز مانجھے کی خرید فروخت کو روکنے کے لیے اب ضلع انتظامیہ اور پولیس محکمہ ساتھ ملکر کارروائی کریں گے۔ جہاں ایک طرف مقامی شہری چائنیز مانجھے کی خرید فروخت کے خلاف احتجاج کا اظہار کر رہے ہیں تو وہیں دوسری جانب انتظامیہ اور پولیس چائنیز مانجھے کا کاروبار کرنے والے تاجروں کے خلاف سخت کاروائی میں مصروف ہیں۔
اویناش چندرا نے اپنے زون کے سبھی 9 اضلاع ”بریلی، پیلی بھیت، بدایوں، شاہ جہاں پور، رامپور، مراد آباد، سنبھل، امروہہ اور بجنور“ میں چائنیز مانجھے کی فروخت پر مکمل پابندی عائد کرنے کی پولیس کے اعلیٰ افسران کو ہدایت دی ہے جبکہ اسے تیار کرنے، فروخت اور ذخیرہ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
شہر کے فلائی اوور برج سے گزرنے والے متعدد افراد چائنیز مانجھے کی زد میں آکر زخمی ہو چکے ہیں، ان کی آنکھ، ناک اور کان شدید طور پر زخمی ہوئے ہیں جبکہ زیادہ تر معاملات میں لوگوں کی گردن پر گہرے زخم آئے ہیں۔ اے ڈی جی نے اپنی ہدایات میں کہا ہے کہ لوگ میدان میں جمع ہوکر ایک ساتھ سینکڑوں کی تعداد میں پتنگ اُڑاتے ہیں جبکہ ایسے ہجوم کے خلاف بھی کارروائی کی جانی چاہئے اور ان کے خلاف دفعہ 144 کی خلاف ورزی کا ملزم قرار دیتے ہوئے مقدمہ درج کیا جانا چاہئے۔
یہ بھی پڑھیں:
رامپور: چائنیز مانجھا کے خلاف انتظامیہ سخت
انہوں نے لاؤڈ اسپیکر کے علاوہ سوشیل میڈیا کے ذریعہ بھی اس سلسلہ میں شعور بیدار کرنے اور لوگوں کو چائنیز مانجھے کے نقصانات سے بھی واقف کرانے کی اپیل کی۔ گزشتہ دنوں رامپور میں چائنیز مانجھے سے زخمی ایک تین برس کی بچی کی موت کا تکلیف دہ واقعہ بھی پیش آیا تھا۔