خواتین تحفظ کے لئے ریڈ برگیڈ گذشتہ چار برسوں سے بیداری مہم چلا رہی ہے، تاکہ سماج خواتین کے تئیں اپنا نظریہ تبدیل کرے۔ لڑکیاں ہوں یا عمر دراز خاتون جس طرح دن کے اجالے میں نکل سکتی ہیں، ٹھیک اسی طرح رات کے اندھیرے میں بھی بغیر خوف کے نکل سکیں۔
ریاست اتر پردیش کی دارلحکومت لکھنؤ میں آج ریڈ برگیڈ اور یو پی میٹرو کے اشتراک سے حضرت گنج میٹرو اسٹیشن پر بیداری مہم پروگرام منعقد کیا گیا، جس میں میٹرو کے اعلی افسران اور ریڈ برگیڈ کی پوری ٹیم موجود رہی۔
ای ٹی وی بھارت سے بات چیت کے دوران ریڈ برگیڈ کی صدر اوشا وشوا کرما نے بتایا کہ ہم لوگ سال 2012 سے ہی بیداری مہم چلا رہی ہیں، لیکن گذشتہ چار برسوں سے یو پی میٹرو کے ساتھ مل کر سماج میں خواتین کے تحفظ کے تئیں کے پیغام عام کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے سماج میں آج بھی دن کے اجالے میں لڑکیاں، خواتین خود کو محفوظ پاتی ہیں لیکن جیسے ہی شام ڈھلتی ہے اور رات کا اندھیرا چھاتا ہے، ان کے ذہن میں ایک طرح کا ڈر و خوف پیدا ہو جاتا ہے۔
اوشا وشوا کرما نے بتایا کہ خواتین کے ساتھ زیادتی ہونے کے باوجود انہیں کو ذمہ دار بتایا جاتا ہے لہذا ہم لوگ اس پروگرام کے ذریعے خواتین کے ساتھ سماج کے مرد حضرات کو بھی بیدار کرنا چاہتے ہیں، خواتین کے تئیں ان کے نظریہ کو بدلنے کی اشد ضرورت ہے۔
یو پی میٹرو کے ایم ڈی کمار کیشو نے کہا کہ' جس طرح سے 16 دسمبر 2012 کو دہلی میں نربھیا معاملہ پیش آیا تھا، اس سے سماج میں خواتین تحفظ پر نئی بحث کا آغاز ہوا لیکن ابھی بھی سماج میں بیداری ضروری ہے۔
مزید پڑھیں: سڑک کے کنارے کتے کے ساتھ سوتے نابالغ بچے کی تصویر وائرل
انہوں نے کہا کہ یو پی میٹرو اور ریڈ برگیڈ کی پوری ٹیم نے مل کر کچھ برس قبل خواتین بیداری مہم کا آغاز کیا، اس کے ذریعے سماج تک خواتین کی بات پہنچانا ہے۔ مسٹر کمار کیشو نے بتایا کہ ہم نے میٹرو میں پوری طرح خواتین کی تحفظ کو یقینی بنائے رکھنے کا خیال رکھتے ہو ئے کام کیا ہے۔ ہمارے یہاں 25 فیصد خواتین ملازمہ ہیں۔