بھارتیہ جنتا پارٹی حکومت پر ملک کو مختلف مسائل میں الجھانے کا الزام لگاتے ہوئے سماج وادی پارٹی سربراہ اکھلیش یادو نے کہا کہ 'نئے بھارت کی تعمیر کے لئے ملک کو نئی حکومت اور نئے وزیر اعظم کی ضرورت ہے'۔
یادو نے صحافیوں سے کہا کہ 'بی جے پی کی حکومت میں عوام کو مسائل میں الجھانے کا ہی کام کیا جارہا ہے، شمال مشرقی بھارت سے لیکر کشمیر تک مسائل ہی مسائل ہیں، کسان پریشان ہیں۔ بیماری، عدم تغذیہ، بھوک سے لوگ بے حال ہیں۔ بدعنوانی میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ نظم ونسق تباہ ہے۔ کسان ، نوجوان، تاجر، غریب سبھی لوک سبھا انتخابات کا انتظار کر رہے ہیں، سب کی خواہش ہے کہ ملک کو نئی حکومت اور نیا وزیر اعظم ملے'۔
انہوں نے کہا کہ 'بی جے پی نے ملک کو پیچھے کر دیا ہے۔ عوام اب انتخابات کے تاریخوں کا انتظار کررہے ہیں۔ موقع ملتے ہی ووٹر بی جے پی کو اقتدار سے ہٹانے کے لئے ایس پی۔ بی ایس پی اتحاد کے امیدواروں کی حمایت میں ووٹ کریں گے'۔
وزیر اعظم کسان سمان ندھی اسکیم پر سوال اٹھاتے ہوئے یادو نے کہا کہ 'کسان تبھی خوشحال ہوگا جب سو فیصد قرض معاف کیا جائے گا۔ جب سرمایہ کاروں کا قرض معاف ہوسکتا ہے تو کسانوں کا پورا قرض کیوں نہیں معاف کیا جاسکتا ہے، کسان کو کم سے کم سہارا قیمت بھی نہیں مل رہی ہے۔ 14 دنوں میں ادائیگی کے وعدے کے باوجود گنا کسانوں کے بقایا جات کی ادائیگی ابھی تک نہیں کی گئی ہے'۔