سوشل میڈیا پر اعظم خان کو لے کر اکھلیش یادو پر تمام طرح کے الزامات لگائے جا رہے تھے کہ وہ اعظم خان کو بھول گئے ہیں۔ شائد یہی وجہ ہے کہ اکھلیش یادو آج اعظم خان کی طبیعت کی جانکاری لینے میدانتا ہسپتال گئے ہیں۔
سماج وادی پارٹی کے سینیئر رہنما اعظم خان کی طبیعت گزشتہ روز کے مقابلے تھوڑی بہتر ہوئی ہے۔ میدانتا ہسپتال نے میڈیکل بلیٹن جاری کرتے ہوئے جانکاری دی ہے۔
ایس پی کے رکن پارلیمنٹ اعظم خان کو سیتاپور جیل سے 9 مئی کو میدانتا اسپتال میں بھرتی کیا گیا تھا۔ اعظم خان کو پہلے دن4 لیٹر آکسیجن کے ساتھ ڈاکٹرز کی نگرانی میں رکھا گیا تھا جبکہ 11 مئی کو حالت تشویشناک ہوئی تو اُنہیں 10 لیٹر آکسیجن فی منٹ پر رکھا گیا تھا۔
میدانتا ہسپتال کے ڈائریکٹر راکیش کپور نے میڈیکل بلیٹن جاری کرتے ہوئے جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ 'اعظم خان کو آکسیجن سپورٹ پر رکھا گیا ہے۔ اب انہیں 4 سے 5 لیٹر آکسیجن کی ضرورت پڑ رہی ہے۔'
معلوم رہے کہ اعظم خان اب کھانا کھا رہے ہیں اور ان کی صحت مستحکم بنی ہے جبکہ اُن کے بیٹے کی طبیعت بھی اب بہتر ہوئی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ 14 ماہ سے سیتاپور جیل میں قید اعظم خان سے متعلق یکم مئی کو سیتاپور جیل انتظامیہ کی جانب سے خبر آئی تھی کہ اعظم خان کورونا پازیٹیو ہو گئے ہیں جس کے بعد سیتاپور کے افسران نے ان کو لکھنؤ کے ہسپتال میں علاج کے لئے بھیج دیا تھا۔
اعظم خان کی حالت دیکھ کر میدانتا کریٹیکل کیئر ٹیم نے اُنہیں کووڈ آئی سی یو میں منتقل کر دیا تھا۔ ڈاکٹرز کی نگرانی میں علاج جاری ہے۔ وہیں اعظم خان کے بیٹے عبداللہ اعظم کی حالت اب پہلے سے بہتر ہے۔