ریاست اترپردیش کے ضلع بارہ بنکی میں اے بی وی پی کے ضلع ابھیاس پروگرام میں شرکت کرنے آئے طلبہ تنظیم اے بی وی پی کے ریاستی صدر انکت شکلا نے کہا کہ لاک ڈاؤن کے دوران آن لائن تعلیم سے دور رہ رہے طلبہ کو اس سے منسلک کرنے کے لیے اے بی وی پی نے متعدد کام کیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ابھی بھی ان کی مہم جاری ہے، اب جب کہ حالات درست ہو رہے ہیں اور فزیکل ایجوکیشن دینے کا فیصلہ ہو گیا ہے تو ایسے میں ہمارا مطالبہ ہے کہ کووڈ19 کے پروٹوکول کی مکمل پابندی پر ہی تعلیمی ادارے کھولے جائیں۔
اسکولوں میں جبراً فیس وصولی کے سوال پر انہوں نے کہا کہ اس کے لیے تنظیم کی جانب سے ایک تجویز پاس کی گئی ہے جسے وزیراعلیٰ اور وزیر تعلیم کو دی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ جبراً فیس وصولی کے خلاف اے بی وی مسلسل متحرک رہی ہے، اس کے لیے متعدد اضلاع میں ڈی ایم اور ایس پی کا گھیراو بھی کیا گیا ہے، اس سے کچھ اضلاع میں انہیں کامیابی بھی حاصل ہوئی ہے۔
طلبہ یونین کی بحالی پر انکت شکلا نے کہا کہ طلبہ یونین کے وہ شروع سے حامی رہے ہیں، گزشتہ سیشن میں بھی اس کے لیے متعدد تحریک چلائی گئیں، نئے سیشن میں اس کے لیے پھر سے کوشش کی جائے گی.