سرینگر کے مضافاتی علاقہ باغات برزلہ میں جمعہ کو مشتبہ عسکریت پسندوں نے پولیس کی ایک پارٹی پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں دو پولیس اہلکار ہلاک ہوگئے۔
ہلاک شدہ اہلکاروں کی شناخت کپواڑہ کے محمد یوسف بجاڈ اور اننت ناگ کے سوہیل احمد لواحا کے بطور ہوئی ہے۔ پولیس لائنز میں اس وقت صف ماتم چھا گیا، جب ان کے لواحقین نم آنکھوں کے ساتھ پولیس لائنز میں داخل ہوئے۔ اس موقع پر تمام اہلکاروں نے ہلاک ہونے والے سپاہیوں کو سلامی دی، اعلی پولیس و سی آر پی ایف اور سول انتظامیہ کے افسران نے گلہائے عقیدت پیش کیے۔
وہیں محمد یوسف بجاڈ کی لاش سہ پہر کو ان کے آبائی گاؤں زرہامہ کپوارہ پہنچائی گئی جہاں لوگوں کی بھیڑ امڈ آئی۔ اور کہرام مچ گیا۔
زرہامہ میں مہلوک اہلکار کی نماز جنازہ ادا کی گئی اور انہیں سپرد خاک کیا گیا۔ لوگوں نے پولیس اہلکار کے اہلخانہ کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا۔اور اس طرح کے حملے کی شدید الفاظ میں مزمت کرتے ہوئے اس سے ایک بذدلانہ حرکت قرار دیا ۔
واضح رہے کہ پولیس اہلکار محمد یوسف کے پسماندگان میں بیوی اور چار بچے ہیں۔