ریاست راجستھان میں کوٹہ سے ریفر ایک شدید طور پر زخمی خاتون مزدور کی غریبی کی وجہ سے جےپور نہ لا پانے پر موت ہونے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔
اطلاع کے مطابق مدھیہ پردیش کے جھابوا ضلع کی آدیواسی خاتون بھوری بائی (25) اپنے کنبے کے دیگر اراکین کے ساتھ کوٹہ میں مزدوری کرنے آئی تھی اور صنعتی علاقے میں جھونپڑی بناکر رہتی تھی۔
بھوری بائی ہفتے کو ڈی سی ایم فیکٹری کے باہر ٹرالی سے اترتے وقت ٹریکٹر کی زد میں آنے سے شدید طور پر زخمی ہوگئی تھی اور اسے علاج کے لیے کوٹہ کے ایم بی ایس اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔
اس کی طبیعت مسلسل خراب ہونے کی وجہ سے ڈاکٹروں نے علاج کے لیے جےپور ریفر کردیا، اس کے بعد اس کے گھر والے غریبی کی حالت میں اسے ایم بی ایس اسپتال سے جےپور لے جانے کے بجائے جھونپڑی میں واپس لے آئے جہاں اتوار کی دیر رات لڑکی نے دم توڑ دیا، اطلاع موصول ہونے پر پولیس لاش کو آج پوسٹ مارٹم کے لیے ایم بی ایس اسپتال لائی ہے۔