کوٹہ کے جے کے لون ہسپتال میں بچوں کی اموات کے بعد وزیراعلی نے کہا کہ اس معاملے میں رپورٹ طلب کی گئی ہے۔ واضح رہے وزیر اعلی اشوک گہلوت کے حکم کے بعد ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے، پورے معاملے کی جانچ میڈیکل ایجوکیشن سکریٹری ویو گلیار کریں گے'۔
خیال رہے کہ راجستھان کے کوٹہ میں واقع جے کے لون ہسپتال سے گذشتہ ایک ماہ کے دوران 77 بچوں کی موت کا معاملہ سامنے آیا ہے، جبکہ گذشتہ دو دنوں کے دوران ہسپتال سے 10 بچوں کی اموات پر سیاست تیز ہوگئی ہے، اس معاملے میں اپوزیشن بھی حکومت پر سخت نکتہ چینی کر رہا ہے۔ بچوں کی موت کے بعد حرکت میں آئی ریاستی حکومت نے پورے معاملے کی رپورٹ طلب کی ہے۔
وزیراعلیٰ اشوک گہلوت نے سانحہ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مذکورہ معاملے کی جانچ کے لیے میڈیکل ایجوکیشن کے سکریٹری ویو گلیار سے رپورٹ دینے کے لیے کہا ہے۔ نیز سی ایم او میں ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے، جس کے تحت ایس ایم ایس میڈیکل کالج کے ایڈیشنل پرنسپل ڈاکٹر امرجیت میرا اور اطفال کے ماہر ڈاکٹر دیپک بھٹناگر شامل ہیں۔
مذکورہ کمیٹی کے تمام اراکین بچوں کی اموات کی وجوہات سے متعلق وزیراعلی کو رپورٹ پیش کریں گے۔ وزیر اعلی اشوک گہلوت نے کہا کہ یہ ٹیم دیکھے گی کہ اس معاملے کی حقیقت کیا ہے اور اس طرح کے واقعات کیوں پیش آرہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رپورٹ آنے کے بعد ہی مزید کارروائی کی جائے گی'۔