ترنمول کانگریس کی سربراہ ممتا بنرجی نے آج پارٹی کارکنان کے ساتھ ورچوئل میٹنگ کے دوران کہا کہ 66 فیصد نشستوں کے ساتھ سنہ 2021 اسمبلی انتخابات میں بھی ترنمول کانگریس حکومت بنائے گی۔
واضح رہے کہ سنہ 2011 اور 2016 کے بعد ترنمول کانگریس کی سربراہ ممتا بنرجی نے پہلی بار ووٹوں کی گنتی سے قبل پولنگ ایجنٹ، امیدواروں اور رہنماؤں کے ساتھ اس طرح کی میٹنگ کی ہے۔ ممتا بنرجی نے آج کی ورچوئل میٹنگ میں گنتی کے دوران پارٹی کا لائحہ عمل کیا ہوگا اس پر تفصیل سے گفتگو کی۔
اس سلسلے میں انہوں نے آج کی میٹنگ میں کاؤنٹنگ ایجنٹ کو گنتی کے متعلق کئی مشورے بھی دیے اور اضلاع کے لئے دو ہیلپ لائن نمبر(9003003001) بھی جاری کی۔
ممتا بنرجی نے ووٹوں کی گنتی کے دوران رجحانات دیکھ کر مایوس ہوکر کاؤنٹنگ سینٹر نہ چھوڑنے کی بھی ہدایت دی ہے۔ گنتی مکمل طور پر ختم ہونے تک کاؤنٹنگ سینٹر میں ہی رہنے کی ہدایت دی ہے۔
اس میٹنگ میں ممتا بنرجی نے مزید کہا کہ ہم ریاست میں ایک بار پھر 66 فیصد نشستوں کے ساتھ اقتدار حاصل کرنے میں کامیاب ہوں گے۔ آپ لوگ کوئی بھی ووٹوں کی گنتی کے رجحانات دیکھ کاؤنٹنگ سینٹر سے باہر نہیں جائیں گے۔ اگر کوئی کچھ کھانے کو دے تو بالکل نہ کھائیں۔ انہوں نے اسموکنگ کرنےکو بھی منع کیا۔'
انہوں نے مزید کہا کہ ووٹوں کی گنتی سے قبل فارم نمبر 17 کی اچھی طرح سے جانچ کر لیں۔ جنگل محل اور شمالی بنگال میں اپوزیشن کی بہتر پوزیشن دیکھ کر مایوس ہو کر کاؤنٹنگ سینٹر نہ چھوڑیں۔ یاد رکھیں جیت ترنمول کانگریس کی ہی ہوگی۔
جنگل محل اور شمالی بنگال کی سیٹوں کو لے کر ممتا بنرجی بھی فکر مند نظر آئیں۔