کولکاتا: مغربی بنگال میں پانچویں مرحلے کی پولنگ ختم ہوگئی ہے اور الیکشن کمیشن کے ذرائع کے مطابق تشدد اور جھڑپ کے معمولی واقعات کے دوران 45 حلقوں میں 15,789 پولنگ بوتھز پر ایک کروڑ سے زائد ووٹروں نے حق رائے دہی کا استعمال کیا ہے۔ کمیشن کے ذرائع کے مطابق شام 5 بجے تک 78.36 فیصد پولنگ ہوئی ہے۔ کمیشن کے ذرائع کے مطابق 81 فیصد سے زائد پولنگ ہونے کا امکان ہے۔
الیکشن کمیشن کے ذرائع کے مطابق شام 6.30 بجے تک کالمپونگ میں 69.56 دارجلنگ میں 74.70فیصد، جلپائی گوڑی میں 81.61فیصد ، شمالی 24پرگنہ میں 85.14 فیصد، ندیا میں 81.50 فیصد اور مشرقی بردوان میں 81.76 فیصد پولنگ ہوئی ہے۔
دی گنگا اسمبلی حلقہ کے علاقے کرولگچہ میں مقامی لوگوں نے الزام لگایا ہے کہ سنٹرل فورسز نے فائرنگ کی۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ یہاں پرامن ماحول میں پرامن ووٹنگ جاری تھی۔ اچانک ہی مرکزی فورسز کے 8-9 اہلکار نے فائرنگ کردی۔ تاہم اس معاملے میں کوئی زخمی نہیں ہوا ہے۔
پولنگ کے دن وزیر اعظم نریندر مودی، مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ اور ممتا بنرجی نے ریلیوں سے خطاب کیا۔ ممتا بنرجی نے الیکشن کمیشن کو خط لکھ کر الیکشن کمیشن سے شکایت ہی کہ کس اجازت سے وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کا فون ٹیپ کیا گیا ہے۔
دوسری جانب راجارہاٹ میں بی جے پی کے امیدوار اور سابق میئر بدھان نگر سبیاچی دتہ نے الزام لگایا ہے کہ ترنمول کانگریس کے غنڈوں نے ان کا گھیرائو کرکے نعرے بازی کی ہے۔ دوسری جانب ترنمول کانگریس نے الزام عائد کیا ہے کہ مرکزی فورسز کی مدد سے ووٹروں کو دھمکانے کی کوشش کی جارہی ہے۔
دوسری جانب کمرہٹی اسمبلی حلقے میں بی جے پی کے پولنگ ایجنٹ کا دل کا دورہ پڑنے سے انتقال ہوگیا ہے۔ متوفی کے بھائی نے الزام عائد کیا کہ وہ کافی دیر سے بے بس پڑے رہے مگر کوئی بھی ان کی مددنہیں کی۔
یو این آئی