مغربی بنگال اسمبلی انتخابات کے تناظر میں بی جے پی جارحانہ انداز میں مہم چلا رہی ہے۔ اس ضمن میں بی جے پی آج بنگال میں سات ریلیاں کرے گی۔
واضح رہے کہ اترپردیش کے وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ، وزیر دفاع راجناتھ سنگھ تین تین عوامی جلسے کریں گے۔ تاہم اس کے علاوہ بی جے پی کے سربراہ جے پی نڈا بھی روڈ شو کے علاوہ بشنو پور میں ایک ریلی سے خطاب کریں گے۔
خیال رہے کہ مغربی بنگال اسمبلی انتخابات آٹھ مرحلوں میں ہونے ہیں۔ اس سے قبل تمام جماعتوں نے انتخابی مہم میں اپنی پوری طاقت جھونک دی ہے۔
ترنمول کی سپریمو ممتا بنرجی وہیل چیئر پر رہنے کے باوجود پچھلے دو دن سے عوامی رابطہ کر رہی ہیں، وہیں بی جے پی ممتا کے جواب میں انتخابی ریلیاں اور روڈ شو کا اہتمام کر رہی ہے۔
آج بی جے پی کے پروگرام کے مطابق پارٹی نے بنگال انتخابات کے بارے میں جارحانہ حکمت عملی اپنائی ہے۔ اسی کے تحت بی جے پی کی سات ریلیاں آج ہونی ہیں۔ تاہم ریلی کے علاوہ بی جے پی کے سربراہ جے پی نڈا روڈ شو بھی کریں گے۔
اطلاع کے مطابق اترپردیش کے سی ایم یوگی آدتیہ ناتھ پورولیہ، بانکوڑہ اور میدینی پور میں عوامی جلسوں سے خطاب کریں گے۔
سی ایم یوگی آدتیہ ناتھ کے علاوہ وزیر دفاع راجناتھ سنگھ بھی آج بنگال کا دورہ کریں گے اور راجناتھ داس پور، سبانگ اور سلبونی میں عوامی جلسے سے خطاب کریں گے۔
راجناتھ سنگھ کے علاوہ بی جے پی کے سربراہ جے پی نڈا بھی آج بنگال کا دورہ کریں گے اور نڈا بشنو پور میں روڈ شو کے علاوہ کوتل پور میں ایک ریلی سے خطاب کریں گے۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے مغربی بنگال اسمبلی انتخابات آٹھ مرحلوں میں کرانے کا اعلان کیا ہے۔ تاہم نتائج کا اعلان دو مئی کو کیا جائے گا۔