مغربی بنگال کی وزیراعلی ممتابنرجی نے ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ' میں دعا کرتی ہوں کہ جے پی نڈا جلد سے جلد صحتیاب ہو کر سرگرم سیاست میں واپس آئیں'۔ انہوں نے کہا کہ' مجھے جب پتہ چلا کہ بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا کورونا مثبت پائے گئے تو مجھے افسوس ہوا۔ لیکن اس معاملے میں کوئی کچھ بھی نہیں کر سکتا ہے'۔
وزیراعلی نے مزید لکھا کہ ہم سب آپ کے لئے دعا ہی کرسکتے ہیں اور کر رہے ہیں۔ اس سے زیادہ کوئی کچھ بھی نہیں کر سکتا ہے۔ دعا میں سب سے زیادہ طاقت ہوتی ہے اس لئے ہمیں سب کے لئے دعا کرنی چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ' میں جی پی نڈا کی جلد سے جلد صحتیابی کے دعا کرتی ہوں اور امید کرتی ہوں کہ وہ جلد سرگرم سیاست میں واپسی کریں گے۔ ریاستی سکریٹریٹ بلڈنگ نبنا میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ممتا بنرجی نے کہا کہ ریاست میں کورونا وائرس پر تیزی سے قابو پایا جا رہاہے۔ گذشتہ تین دنوں میں مسلسل ڈھائی ہزار سے کم کورونا وائرس کے نئے کیسز سامنے آئے ہیں.یہ ایک مثبت پہلو ہے۔صحت انتظامیہ اس کے لئے کڑی محنت کر رہی ہے۔
مغربی بنگال میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد پانچ لاکھ سے تجاوز کرچکی ہے جبکہ اس وبا سے اب تک ساڑھے آٹھ ہزار سے زائد لوگوں کی موت ہو چکی ہے۔
مزید پڑھیں: بنگال: کورونا وائرس کی رفتار میں کمی
واضح رہے کہ مغربی بنگال کے دارالحکومت کولکاتا سے متصل جنوبی 24 پرگنہ کے ڈائمنڈ ہاربر میں بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا کے قافلے پر شرپسندوں نے حملہ کر دیا تھا. بی جے پی کے قومی صدر جی جے نڈا دو روزہ دورے پر مغربی بنگال آئے تھے۔