مجلس اتحادالمسلمین کے ریاستی یوتھ صدر سمیت متعدد رہنماوں نے ترنمول کانگریس میں شامل ہونے کا اعلان کیا۔
مغربی بنگال میں منعقد ہونے والے اسمبلی انتخابات کے مدنظر دل بدل کا سلسلہ جاری ہے۔
تمام سیاسی جماعتوں حکمراں ترنمول کانگریس, بی جے پی, کانگریس اور بائیں محاذ میں دل بدل کے نام پر اتھل پتھل جاری ہے ۔
اسمبلی انتخابات سے قبل دل بدل کی دوڑ میں آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کو سب سے زیادہ نقصان کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔
ترنمول کانگریس بھون میں وزیر اور سنئیر فرہاد حکیم کی نگرانی میں آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے ریاستی یوتھ صدر شفیع اللہ خان سمیت سینکڑوں حامی ترنمول کانگریس میں شامل ہو گئے۔
وزیر فرہاد حکیم کا کہنا ہے کہ آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے تمام رہنما پارٹی چھوڑ کر ترنمول کانگریس میں شامل ہو جائیں گے۔
ان پر کسی بھی قسم کا کوئی دباؤ ڈالا نہیں جا رہا ہے۔ مجلس اتحاد المسلمین کے تمام رہنما اپنی اپنی مرضی سے ترنمول کانگریس میں شامل ہونے کا فیصلہ کر رہے ہیں۔
مستقبل میں بھی آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے سینکڑوں رہنما ترنمول کانگریس میں شامل ہونے والے ہیں۔
مجلس اتحاد المسلمین چھوڑ کر ترنمول کانگریس میں شامل ہونے والے شفیع اللہ خان نے کہا کہ میں اپنی مرضی سے ممتابنرجی کی قیادت والی ریاستی حکمراں جماعت ترنمول کانگریس میں شامل ہونے کا فیصلہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ 'میرے ساتھ سینکڑوں لوگ اپنی اپنی مرضی سے ترنمول کانگریس میں شامل ہوئے ہیں. مستقبل اور بھی کئی لوگ اے آئی ایم آئی ایم کو چھوڑ کر ترنمول میں شامل ہونے والے ہیں۔'
یوتھ رہنما کا کہنا ہے کہ ''ہمارا مقصد بی جے پی کو روکنا ہے، ترنمول کانگریس میں رہ کر اس کام کو اچھے طریقے سے انجام دیا جا سکتا ہے۔''
کیونکہ ممتابنرجی نہ صرف بنگال بلکہ پورے ملک میں اس وقت سب سے طاقتور رہنما ہیں جو بی جے پی کو کھل کر چیلنج دے رہیں ہیں۔