ریاست مغربی بنگال کے دارالحکومت کولکاتا سے متصل ضلع ہوڑہ صدر سے ترنمول کانگریس کے رکن اسمبلی اور وزیر اروپ رائے کی طبیعت اچانک بگڑ گئی۔ وزیر کھیل اروپ رائے کو سینہ میں درد کی شکایت پر کولکاتا کے ای ایم بائی پاس کے نجی ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔
ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ' وزیر اروپ رائے کو ہسپتال میں داخل کرانے میں تھوڑی دیر ہو جاتی تو مشکل بڑھ سکتی تھی۔ انہوں نے کہا کہ' وزیر کی حالت میں بہتری آئی ہے اس کے باوجود انہیں آئی سی یو میں رکھا گیا ہے۔
ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ' اروپ رائے اس وقت خطرے سے باہر ہیں، لیکن انہیں چند دنوں تک ہسپتال میں رکھا جائے گا تاکہ ان کی صحت میں ہونے والی بہتری پر باریکی سے نظر رکھی جا سکے۔
مزید پڑھیں: ادھیر رنجن چودھری کی ممتا کو حمایت
واضح رہے کہ گذشتہ شب ہوڑہ صدر سے ترنمول کانگریس کے رکن اسمبلی اور وزیر کھیل اروپ رائے کو سینہ میں درد کی شکایت پر ہوڑہ کے ایک نرسنگ ہوم لے جایا گیا تھا جہاں ابتدائی علاج کے بعد انہیں 'ای ایم بائی پاس' کے ایک نجی ہسپتال منتقل کیا گیا۔