ریاست مغربی بنگال میں منعقد ہونے والے اسمبلی انتخابات 2021 کے پہلا مرحلہ ختم ہوتے ہی دوسرے مرحلے کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہے، حکمراں جماعت ترنمول کانگریس اور بی جے پی کے درمیان سخت مقابلے کی امید کی جارہی ہے، دونوں پارٹیوں کے رہنما ایک دوسرے پر سبقت حاصل کرنے کا کوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دینا چاہتے ہیں۔
مشرقی مدنی پور ضلع کے اسد تلہ علاقے میں عام لوگوں نے نندی گرام سے بی جے پی کے امیدوار شبھندو ادھیکاری کے قافلے کو گاؤں میں داخل ہونے سے روک دیا، شھبندو ادھیکاری انتخابی مہم کے ارادے سے مسلم اکثریتی علاقہ اسد تلہ گاؤں جارہے تھے۔
شبھندو ادھیکاری کے قافلے کو گاؤں میں داخل ہونے سے روکے جانے کے وقت مقامی باشندوں نے بی جے پی کے امیدوار شبھندو ادھیکاری کے خلاف نعرہ بازی شروع کردی، عام لوگوں کی زبردست مخالفت کے سبب شبھندو ادھیکاری کو اپنے قافلے کے ساتھ واپس جانا پڑا۔ مقامی باشندوں کا کہنا ہے کہ شھبندو ادھیکاری جب ممتا بنرجی کے نہیں ہو سکتے ہیں تو عام لوگوں سے کیا وفاداری نبھائیں گے۔