رکن پارلیمان نصرت جہاں روحی نے کہا کہ ترنمول کانگریس کی سربراہ اور وزیراعلیٰ ممتا بنرجی ملک کے چند رہنماؤں میں سے ایک ہیں جو بالکل سیکولر اور مقبول ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ترنمول کانگریس کی سربراہ ممتا بنرجی ملک کی ایک ایسی سیکولر رہنما ہیں جو تمام مذاہب کے لوگوں کو ایک ساتھ لے کر چلتی ہیں۔
ترنمول کانگریس کی رکن پارلیمان اور اداکارہ نصرت جہاں روحی کا کہنا ہے کہ مغربی بنگال اسمبلی انتخابات 2021 کے دوران ٹوٹا ہوا پاؤں لے کر جس طرح انتخابی مہم کی ذمہ داری سنبھالی وہ قابل تعریف ہے۔
نصرت جہاں روحی نے کہا کہ ممتا دیدی اسمبلی انتخابات سے پہلے اور اس کے دوران ریاست کے تمام اضلاع میں اپنی پارٹی کے امیدواروں کی حمایت میں انتخابی جلسہ و جلوس کو خطاب کرتی رہیں اور بی جے پی انہیں روکنے کی ہرممکن ناکام کوشش کرتی رہی۔
انہوں نے کہا کہ ممتا کی بےباک بیان بازی کی وجہ سے بی جے پی چوتھے مرحلے کی ووٹنگ کے بعد سے ہی انتخابی میدان سے غائب ہو چکی ہے۔ اس کا دوبارہ واپس لوٹنے کا امکان نہیں ہے اور نہ موقع۔
آٹھویں اور آخری مرحلے کی ووٹنگ کے دوران تشدد کے واقعات پر انہوں نے کہا کہ چار اضلاع کی 35 سیٹوں پر ووٹ ڈالے گئے جہاں بھی تشدد کے واقعات ہوئے وہاں بی جے پی کے لوگ موجود تھے۔ اس سے ہی سمجھ لیجئے کہ کیا چل رہا ہے۔