مغربی بنگال کی حکمراں جماعت ترنمول کانگریس کے قومی جنرل سیکرٹری ابھیشک بنرجی نے ای ڈی کے صدر دفتر میں حاضری دینے کے ارادے سے دہلی کے لیے روانہ ہونے سے قبل ایئر پورٹ پر مرکزی حکومت پر شدید تنقید کی۔
ابھیشک بنرجی نے مرکزی حکومت پر جانچ ایجنسیوں کے غلط استعمال کا الزام عائد کیا ہے۔ وزیراعلیٰ ممتا بنرجی کے بھتیجے ابھیشک بنرجی نے کہا کہ بی جے پی کی قیادت والی مرکزی حکومت اپنے فائدے کے لیے جانچ ایجنسیوں کو استعمال کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ کہنا چاہتے ہیں کہ اگر حکومت کے پاس ٹھوس ثبوت ہے تو پیش کرے۔ الزام ثابت ہوں تو وہ کوئی بھی سزا قبول کر لیں گے، لیکن الزام تراشی سے کچھ ہونے والا نہیں ہے۔ ترنمول کانگریس کے جنرل سیکرٹری کا کہنا ہے کہ وہ پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ اگر الزام ثابت ہوتا ہے تو انہیں پھانسی دے دی جائے، لیکن سچائی یہ ہے کہ کسی کے پاس کوئی ثبوت نہیں ہے۔
ذرائع کے مطابق انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ ممتا بنرجی کے بھتیجے ابھیشک بنرجی اور ان کی بیوی روجیرا بنرجی کے خلاف نوٹس جاری کیا تھا۔
مزید پڑھیں:
ٹی ایم سی رہنما ابھیشک بنرجی ای ڈی کے سامنے حاضر ہوں گے
واضح رہے کہ نومبر سال 2020 میں پہلی مرتبہ کوئلہ بدعنوانی معاملے میں سینکڑوں کروڑ روپے کے لین دین کا انکشاف ہوا تھا، اس معاملے میں مطلوب ونئے مشرا ملک سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا ہے۔ عدالت کی جانب سے ان کے خلاف لاک آؤٹ نوٹس بھی جاری کیا گیا ہے۔