مغربی بنگال میں اسمبلی انتخابات 2021 کے آٹھویں اور آخری مرحلے میں چار اضلاع کی 35 سیٹوں پر جاری ووٹنگ کے درمیان حکمراں جماعت ترنمول کانگریس کے وفد نے الیکشن کمیشن سے ملاقات کی۔ الیکشن کمیشن سے ملاقات کرنے والے ترنمول کانگریس کے وفد کے سینئر رہنما اور رکن پارلیمان سوگتا رائے نے قیادت کی۔
ترنمول کانگریس کے وفد نے ووٹوں کی گنتی کے دوران پولنگ ایجنٹ اور امیدوار کے لیے کورونا نگیٹیو رپورٹ کو لازمی قرار دیے جانے کے فیصلے کے خلاف آج الیکشن کمیشن سے ملاقات کر کے درخواست دی ہے۔
ترنمول کانگریس کے سینئر رہنما اور رکن پارلیمان سوگتا رائے نے انتخابی کمیشن سے سوال کیا کہ ایک ریاست میں ایک اسمبلی انتخابات کے دوران دو ضابطہ کیوں۔
انہوں نے کہا کہ دو مئی کو ووٹوں کی گنتی کے موقع پر امیدواروں اور کاونٹنگ ایجنٹ اور امیدوار کی کورونا نگیٹیو ریورٹ کو لازمی قرار دیا گیا ہے لیکن پولنگ آفیسر اور مرکزی فورسز کے لیے کوئی گائیڈ لائن جاری نہیں کی گئی ہے۔
سینئر رہنما کا کہنا ہے کہ اگر کاؤنٹنگ ایجنٹ اور امیدواروں کی کورونا نگیٹیو رپورٹ (سرٹیفکٹ) لازمی ہے تو انتخابی کمیشن کو شبہ ہے کہ ان لوگوں سے کورونا پھیل سکتا ہے۔ اب سوال یہ اٹھتا ہے کہ وہاں موجود پولنگ آفیسر اور مرکزی فورسز سے کیوں نہیں پھیل سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بہتر یہ ہوتا کہ کاؤنٹنگ ایجنٹ اور امیدواروں کے ساتھ ساتھ پولنگ آفیسر اور وہاں تعینات ہونے والی مرکزی فورسز کے کورونا ٹیسٹ کو لازمی قرار دیا جاتا لیکن انتخابی کمیشن نے ایسا نہیں کیا۔
ترنمول کانگریس کے رکن پارلیمان سوگتا رائے کے مطابق مغربی بنگال اسمبلی انتخابات 2021 کے بعد انتخابی کمیشن کو یہ سب باتیں یاد آ رہی ہیں۔ بہار اسمبلی انتخابات کے دوران بھی کورونا وائرس بھیانک طریقے سے پھیل رہا تھا اس وقت تو انتخابی کمیشن کو ان باتوں کا خیال نہیں آیا۔
انہوں نے کہا کہ انتخابی کمیشن کو ایک درخواست دی گئی ہے اور اس فیصلے پر جلد سے جلد نظرثانی کی اپیل کی گئی ہے۔ ورنہ انتخابی کمیشن کے خلاف تحریک چلائی جائے گی۔