آج کولکاتا شہر کے مسلم علاقے خضر پور میں پیش آنے والے واقعہ نے سب کو حیران کر دیا ہے۔ کولکاتا کے ٹیپو سلطان شاہی مسجد دھرمتلہ کے موذن ہارون رشید کی اہلیہ اور ان کی دو بیٹیوں پر جان لیوا حملہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں ہارون رشید کی اہلیہ عقیدہ کی موت ہو گئی ہے جبکہ دونوں بیٹیاں شدید طور پر زخمی ہوئی ہیں۔ ان کا علاج ایس ایس کے اسپتال میں چل رہا ہے۔ دونوں کی حالت نازک ہے۔
مقامی لوگوں کے مطابق دوپہر کے وقت یہ واقعہ پیش آیا۔ مقتول کے شوہر ٹیپو سلطان مسجد میں ہی رہتے تھے اور ہفتے میں گھر آتے ہیں۔ آج بھی وہ گھر پر نہیں تھے۔ قاتل کوئی رشتہ دار ہے۔
مقامی لوگوں کے مطابق وہ مقامی نہیں ہے۔ کسی دوسرے علاقے میں رہتا ہے۔ قتل کی وجہ ابھی واضح نہیں ہو پائی ہے۔ شروعاتی جانچ کے مطابق قتل کی وجہ گھریلوں جھگڑا ہو سکتا ہے۔ اس دل دہلا دینے والے واقعہ کی خبر سنتے ہی ریاستی وزیر و کولکاتا کارپوریشن کے ایڈمنسٹریٹر فرہاد حکیم موقع پر پہنچے۔
مقامی لوگوں کی اطلاع پر پولس بھی موقع پر پہنچ گئی۔ اس موقع پر فرہاد نے کہا کہ ابھی کچھ واضح نہیں ہو پایا ہے۔ پولس اس کی جانچ کر رہی ہے۔ ملزم نے خود سپردگی کر دی ہے۔ گھریلو جھگڑا اس کی وجہ ہو سکتی ہے۔ مقتول خاتون کی عمر 45 برس یے جبکہ بری طرح سے زخمی ہونے والی دونوں بیٹیوں کی عمر 16 اور 17 ہے۔
دن کے اجالے میں پیش آنے والے اس واقعہ نے پورے علاقے کو سکتے میں ڈال دیا ہے۔ پورے علاقے میں غم کا ماحول ہے۔ پولس معاملے کی جانچ کر رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق ملزم سے مقتول خاتون سے رشتیداری ہے اور اس کا گھر میں آنا جانا بھی تھا۔