مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ ممتا بنرجی نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ ریاست ترقی کی دوڑ میں کئی ریاستوں سے آگے ہے۔گزشتہ دس برسوں کے دوران بنگال نے ترقی کی دوڑ میں کافی کامیابیاں حاصل کی اور مستقبل میں بھی حاصل کرے گی۔ چند لوگوں کی جانب سے بنگال کو بدنام کرنے کی سازشیں کبھی کامیاب نہیں ہو سکتی ہے۔ اس کے لئے چاہے کوئی بھی آجائے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ بنگال کی سرزمین رابندرناتھ ٹیگور، قاضی نذرالاسلام کی سرزمین ہے۔
یہاں تمام مذاہب کے لوگوں کو یکساں آزادی حاصل ہے۔ مذہب کے نام پر سیاست کرنے والوں کو اس کی اجاز ت کبھی بھی نہیں دی جاسکتی ہے۔ جہاں امن و امان قائم ہے وہاں چھیڑ چھاڑ کرکے فضا کو مکدّر کرنے کی کیا ضرورت ہے۔ بنگال قومی یکجہتی کی عمدہ مثال ہے۔اسی وجہ سے جرمنی سمیت دوسرے یوروپی ممالک اس کے لئے سرٹیفکیٹ دے چکے ہیں۔ اس روایت کو برقرار رکھنے کی کوشش کی جا رہی ہے اور مستقبل میں بھی یہ کوشش کی جائے گی۔ ایک دن دنیا بنگال کو سلام پیش کرے گی اور ناقدین دیکھتے رہ جائیں گے۔ ہماری حکومت کے لئے یہ سب سے بڑی کامیابی ہو گی۔
وزیراعلیٰ ممتا بنرجی نے کہا کہ ریاست میں منعقد ہونے والے اسمبلی انتخابات کے مدنظر بیرونی ریاستوں سے تعلق رکھنے والے رہنماؤں کے بنگال آنے کے سلسلے میں اضافہ ہوا ہے۔ یہ ایک اچھی بات ہے۔ لیکن کسی کو بھی مذہب کے نام پر سیاست کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ جو ملک کی دوسری ریاستوں میں ہوتا ہے اسے بنگال میں ہونے نہیں دیا جائے گا۔ بنگال کو گجرات بننے نہیں دیا جائے گا۔ ترقی کی دوڑ میں مغربی بنگال کا اپنا ایک ماڈل ہے۔ ہمیں دوسروں کے ماڈل پر کام کرنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔