مغربی بنگال کے شمالی دیناج پور کے رکن اسمبلی دیبندر ناتھ رائے کی موت کے معاملہ میں اٹھ رہے سوالات کے درمیان بنگال پولس نے دعویٰ کیا ہے کہ ممبر اسمبلی کی لاش سے ایک خودکشی نوٹ برآمد ہوا ہے جس میں دو افراد کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان دونوں کی وجہ سے وہ اپنی جان کو ختم کررہے ہیں۔
واضح رہے کہ آج صبح ممبر اسمبلی دیبندر ناتھ کی لاش ان کے گھر کے قریب ایک دوکان کے باہر لٹکتے ہوئے برآمد ہوئی ہے، بی جے پی اور ممبر اسمبلی کے اہل خانہ نے شبہ کا اظہار کیا ہے کہ ترنمول کانگریس کے لوگوں کے ہاتھوں ان کا قتل کیا گیا ہے، سی بی آئی جانچ کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے۔
گورنر جگدیپ دھنکر نے بھی اس پورے معاملے میں افسوس ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس معاملے کی آزادانہ جانچ ہونی چاہیے۔
مغربی بنگال پولس نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ممبر اسمبلی کی موت کے معاملے میں ہر پہلو سے جانچ کی جارہی ہے، کھوجی کتے کی مدد لی جارہی ہے، فارنسک ماہرین موقع پر پہنچ چکے ہیں۔ شہریوں سے درخواست کی ہے کہ قیاس آرائیوں سے اجتناب کریں اور صرف شک و شبہ کی بنیاد پر کوئی حتمی رائے قائم نہ کریں بلکہ جانچ مکمل ہونے کا انتظار کیا جائے۔
خیال رہے کہ مغربی بنگا ل بی جے پی کے ریاستی صدر دلیپ گھوش نے واضح طور پر اس پورے معاملے کے لیے ترنمول کانگریس کو ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے کہا کہ ہمت آباد میں ممبر اسمبلی رائے کی مقبولیت سے ترنمول کانگریس پریشان تھی اور ان کا قصور یہ تھا کہ وہ بی جے پی میں شامل ہوگئے تھے تاہم ترنمول کانگریس کے سابق ممبر اسمبلی اور شمالی دیناج پور ضلع ترنمول کانگریس کے صدر کنہیالال اگروال نے کہا کہ ابھی اس معاملے میں کچھ نہیں کہا جاسکتا ہے۔سیاست کے بجائے جانچ کا انتظار کیا جائے۔
بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا نے بھی اس معاملے میں سخت ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کے ممبر اسمبلی کی اس طرح سے موت حیرت انگیز اور افسوس ناک ہے اور اس کے پیچھے سیاسی سازش کار فرما ہے۔