مغربی بنگال کے مشرقی بردوان ضلع کے مسلم اکثریتی علاقہ منگل کوٹ میں ترنمول کانگریس کے رہنما اسیم داس کے قتل کے بعد کشیدگی کا ماحول ہے۔
ریاستی وزیر اور سنئیر سیاسی رہنما صدیق اللہ چودھری نے کہا کہ چند لوگ منگل کوٹ کی پرامن فضا کو مکدر کرنے کی سازش میں مصروف ہیں۔'
انہوں نے کہاکہ برسوں بعد منگل کوٹ میں امن و امان کی بحالی ہوئی ہے، لیکن اس طرح کی واردات کو انجام دے کر پر امن ماحول کو بگاڑنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہاکہ وہ ترنمول کانگریس کے رہنما اسیم داس کو اچھی طرح سے جانتا ہوں۔ وہ عوام کی خدمت کو پہلی ترجیح دیتا تھا، وہ عام لوگوں میں بہت مقبول تھا۔'
ریاستی وزیر کا کہنا ہے کہ اس مرتبہ اسمبلی انتخابات میں اسیم داس نے کافی بڑھ چڑھ کر حصہ لیا تھا اور میری جیت میں ان کا اہم رول رہا ہے، لیکن اس طرح سے انہیں مار دیا جائے گا اس کا یقین نہیں ہو رہا ہے۔'
جمعیت علمائے ہند کے ریاستی صدر صدیق اللہ چودھری نے کہاکہ ان کا پولیس انتظامیہ سے مطالبہ ہے کہ منگل کوٹ کی پر امن فضا کو مکدر ہونے سے بچانے کی ہر ممکن کوشش کی جائے۔ اس سلسلے میں انہوں نے ضلع پولیس سپرنٹنڈنٹ سے بات چیت کی، انہوں نے ترنمول کانگریس کے رہنما کے قتل کے معاملے میں ملوث شرپسندوں کی جلد سے جلد گرفتاری کا مطالبہ کیا۔'
واضح رہے کہ مغربی بنگال کے مشرقی بردوان ضلع کے مسلم اکثریتی علاقہ منگل کوٹ میں نامعلوم شرپسندوں نے ترنمول کانگریس کے رہنما اسیم داس کا بہمانہ قتل کر دیا تھا۔ اس کے بعد سے ہی منگل کوٹ میں کشیدگی کا ماحول ہے۔