ریاست مغربی بنگال کے دارالحکومت کولکاتا میں منگل کو راجیو کمار کو لکاتا ہائی کورٹ نے شاردا چٹ فنڈ بد عنوانی کیس میں پیشگی ضمانت منظور کی تھی۔
خیال رہے کہ راجیو کمار اس وقت مغربی بنگال سی آئی ڈی کے ایڈیشنل ڈائریکٹر ہیں، کولکاتا ہائی کورٹ کی ڈویژن بنچ نے کہا تھا کہ راجیو کمار کو حراست میں لے کر پوچھ تاچھ کی ضرورت نہیں ہے۔ عدالت نے 50 ہزار روپے سکیورٹی کے طور پر جمع کرنے کی ہدایت دی تھی۔
ایڈوکیٹ گوپال ہلدار نے کہا کہ آئی پی ایس آفیسر ایڈیشنل چیف جوڈیشل مجسٹریٹ سبرتا مکھرجی کے سامنے پیش ہوئے۔کولکاتا ہائی کورٹ کی ہدایت کے مطابق ان کی ضمانت منظور کرلی گئی۔
گزشتہ مہینے کولکاتا ہائی کورٹ نے شاردا چٹ فنڈ بدعنوانی کیس میں راجیو کمار کی گرفتاری پر روک ختم کردی تھی، اس کے بعد سے ہی راجیو کمار نے کولکاتا کی مختلف عدالتوں میں پیش گی ضمانت کے لیے اپیل کی تھی لیکن ہرجگہ انہیں مایوسی ہی ہاتھ لگی۔
اس درمیان سی بی آئی نے راجیوکما ر کو تلاش کرنے کے لیے مختلف مقامات پر چھاپہ مارا تھا، لیکن منگل کو کولکاتا ہائی کورٹ نے راجیو کمار کو پیشگی ضمانت منظور کرلی تھی۔
راجیو کمار جب بدھان نگر کے پولیس کمشنر تھے اس وقت سنہ 2013 میں شاردا چٹ فنڈ گھوٹالہ سامنے آیا تھا، اور فروری میں سی بی آئی نے پانچ دن تک شیلانگ میں سپریم کورٹ کی ہدایت پر راجیو کمار سے پوچھ تاچھ کی تھی۔