کولکاتا: آر جے ڈی مغربی بنگال اسمبلی انتخابات میں اپنے امیدوار کھڑا کرنے کی تیاری میں ہے۔ اس سلسلے میں آر جے ڈی رہنما تیجسوی یادو ان دنوں کولکاتا کے دورے پر ہیں۔ پیر کے روز وزیر اعلی و ٹی ایم سی سربراہ ممتابنرجی سے ملاقات کی۔
ممتا بنرجی سے ملاقات کے بعد تیجسوی یادو نے میڈیا سے خطاب کرتے ہوئےکہا "آر جے ڈی سربراہ لالو پرساد یادو نے مغربی بنگال اسمبلی انتخابات میں ممتا بنرجی کو مکمل حمایت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ مغربی بنگال میں ہماری جو بھی طاقت ہے، ہم ممتا بنرجی کے ساتھ ہیں۔ جہاں بھی ہمیں ضرورت ہوگی، ہم ممتا بنرجی کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔ "
تیجسوی یادو نے کہاکہ "ملک کو توڑنے والی قوتوں کو روکنا ہوگا۔ ہماری پہلی ترجیح بی جے پی کو اقتدار سے دور رکھنا ہے۔ وہ لوگ اقتدار میں آنے کا خواب دیکھ سکتے ہیں، لیکن یہ خواب خواب بھی رہ جائے گا اور حقیقت نہیں ہونے والا ہے۔ بنگال کی اپنی ایک الگ ثقافت اور زبان ہے۔ اب وقت آگیا ہے کہ ہم اپنی اقدار کو بچائیں۔'
"بی جے پی کا مطلب ایک بڑی جھوٹا پارٹی ہے۔ انہوں نے صرف اور صرف ملک کو ٹھگنے کا کام کیا ہے۔ بہار کے انتخابات میں انہوں نے 20 لاکھ روزگار دینے کا وعدہ کیا تھا۔ اب تک پٹنہ یونیورسٹی کو مرکزی یونیورسٹی کا درجہ نہیں دیا گیا۔ خصوصی ریاست کا درجہ نہیں دلوایا جاسکا۔ "خصوصی پیکیج نہیں دیا گیا۔" - تیجسوی یادو، آر جے ڈی رہنما
خیال رہے کہ ممتا بنرجی اور تیجسوی یادو کے مابین ہونے والی ملاقات کے دوران اس بات پر تبادلہ خیال ہوا کہ آر جے ڈی کتنی نشستوں پر مقابلہ کرے گی، تیجسوی کو اس بارے میں مطلع نہیں کیا گیا تھا۔ تاہم، انہوں نے کہا کہ بائیں بازو اور کانگریس کے ساتھ ہمارا اتحاد صرف بہار میں ہے۔ بنگال میں، ہمیں ممتا بنرجی کا ہاتھ مضبوط کرنا ہے۔'
موصولہ اطلاع کے مطابق، دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات مثبت رہی۔ تیجسوی یادو کے ساتھ عبدالباری صدیقی، شیام راجک اور شکتی یادو بھی موجود تھے۔