ریاست مغربی بنگال میں رواں برس ہونے والے اسمبلی انتخابات 2021 سے قبل سیاسی جماعتوں کے درمیان رہنماوں کا ایک پارٹی سے دوسری پارٹی میں جانے کا کھیل جاری ہے، اس کھیل میں حکمراں جماعت ترنمول کانگریس کو زبردست نقصان کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جبکہ بی جے پی کے لیے فائدہ مند ثابت ہورہا ہے۔
ذرائع کے مطابق ترنمول کانگریس کو چھوڑ کر بی جے پی میں شامل ہونے والے راجیب بنرجی کو مرکزی حکومت نے 24 گھنٹوں کے اندر زیڈ زمرے کی سیکیورٹی دینے کا اعلان کیا ہے، جس میں 22 جوان ہوں گے، اس کے علاوہ راجیب بنرجی کی زیڈ سیکورٹی اہلکاروں میں دو این ایس جی کمانڈو بھی شامل ہوں گے جو 24 گھنٹے ان کے ساتھ رہیں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز 30 جنوری کی رات ترنمول کانگریس کے سابق رکن اسمبلی اور وزیر راجیب بنرجی دہلی میں امت شاہ کی موجودگی میں بی جے پی میں شامل ہوئے تھے۔
گزشتہ روز 31 جنوری کو ہوڑہ کے ڈومجور اسٹیڈیم میں بی جے پی کے جوگ دان میلے میں شرکت کی تھی، اس کے بعد ہی مرکزی حکومت نے انہیں زیڈ زمرے کی سیکیورٹی دینے کا اعلان کیا ہے، اس سے قبل ترنمول کانگریس کو چھوڑ کر بی جے پی میں شامل ہونے والے شھبندو ادھیکاری کو مرکزی حکومت کی جانب سے زیڈ سکیورٹی دی گئی تھی۔