مغربی بنگال میں منعقد ہونے والے اسمبلی انتخابات 2021 کے چوتھے مرحلے کی ووٹنگ سے قبل تمام سیاسی جماعتوں نے اپنی اپنی طاقتیں جھونک دی ہے۔
حکمران جماعت ترنمول کانگریس سمیت سبھی اپوزیشن جماعتیں ووٹرز کی توجہ اپنی اپنی طرف راغب کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش میں مصروف ہیں۔
جنوبی کولکاتا کے مسلم اکثریتی علاقہ توپسیا اسپورٹس فیڈریشن گراؤنڈ میں ترنمول کانگریس کے امیدوار جاوید احمد خان کی حمایت میں عوامی جلسے کا اہتمام کیا گیا۔
عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مشہور شاعر و ادیب ہاشم فیروز آبادی نے کہا کہ ’’بنگال کے لوگ بڑے خوش نصیب ہیں کہ ان کے پاس ممتا بنرجی جیسی بے باک رہنما ہیں جو عوام کے حق میں ہمیشہ آواز بلند کرتی ہیں۔‘‘
ہاشم فیروز آبادی نے خود کو سیکولر شاعر قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’’جہاں سیکولرازم کی باتیں ہوتی ہیں وہاں میں کھینچا چلا آتا ہوں، اسی وجہ سے آج کولکاتا آیا ہوں۔‘‘
شاعر و ادیب ہاشم فیروز آبادی کا کہنا ہے کہ بنگال کے لوگوں میں ایک سب سے اچھی بات یہ ہے کہ وہ جسے چاہتے ہیں دل سے چاہتے ہیں اور جس سے نفرت کرتے ہیں اس کی کبھی حمایت نہیں کرتے ہیں۔
انہوں نے ممتا بنرجی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ’’ممتا بنرجی شیرنی ہیں جو مذہب اور نفرت کی سیاست کرنے والوں کے خلاف تنہا لڑ رہی ہیں۔‘‘
ہاشم فیروز آبادی نے ترنمول کانگریس کے امیدوار جاوید احمد خان کو ’’روشن خیال اور ترقی پسند رہنما‘‘ قرار دیتے ہوئے ان کی تیسری مرتبہ جیت کے لیے نیک خواہشات پیش کیں۔
واضح رہے کہ مغربی بنگال میں منعقد ہونے والے اسمبلی انتخابات 2021 کے چوتھے مرحلے میں دس اپریل کو ووٹ ڈالے جائیں گے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے اسمبلی انتخابات 2021 کے چوتھے مرحلے کے لیے تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہے، کمیشن کی جانب سے سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے۔
غور طلب ہے کہ اسمبلی انتخابات کے دوسرے اور تیسرے مرحلے کی ووٹنگ کے دوران بنگال کے مختلف اضلاع میں بھیانک جھڑپیں ہوئی تھیں۔