مغربی بنگال اسمبلی انتخابات 2021 کے نتائج کے بعد آج حکمراں جماعت ترنمول کانگریس کے بقیہ اراکین اسمبلی سمیت دیگر اراکین اسمبلی نے حلف لیا۔
آج مغربی بنگال اسمبلی انتخابات میں کامیاب ہونے والے 148 نومنتخب ارکان اسمبلی کو حلف دلایا گیا۔ حلف لینے والوں میں ترنمول کانگریس کے علاوہ بی جے پی، لیفٹ فرنٹ اور انڈین سیکولر فرنٹ کے نومنتخب رکن اسمبلی شامل تھے۔
آئندہ نو مئی کو اسمبلی کا پہلا اجلاس ہو گا۔ حکمراں جماعت ترنمول کانگریس نے اپنے تمام نومنتخب ارکان اسمبلی کو اسمبلی ہال میں شامل ہونے کی ہدایت دی ہے۔
ترنمول کانگریس کے سینئر رہنما اور پروٹیم اسپیکر سبرتو مکھرجی کی نگرانی میں تمام نومنتخب اراکین اسمبلی نے حلف لیا۔
اس موقع پر ترنمول کانگریس کے سینئر رہنما اور اسپیکر بمان بنرجی بھی موجود تھے۔ بمان بنرجی مسلسل تیسری مرتبہ اسمبلی میں اسپیکر کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔
آج اسمبلی میں حلف لینے والوں میں ترنمول کانگریس کے سینئر رہنما جاوید احمد خان، عبدالخالق ملا، فرہاد حکیم، عبدالغنی شامل تھے۔
غور طلب ہے کہ گزشتہ روز اسمبلی میں 140 ارکان اسمبلی نے پروٹیم اسپیکر سبرتو مکھرجی کی قیادت میں حلف لیے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بدھ کو راج بھون میں گورنر جگدیپ دھنکر کی موجودگی میں ممتا بنرجی تیسری مرتبہ کے لیے وزیراعلیٰ کا حلف لیا تھا۔