مغربی بنگال میں کورونا وائرس کی دوسری لہر کے سبب حالات سنگین تریں ہوتے جا رہے ہیں، جس کی وجہ سے لوگوں میں دہشت ہے۔ تاہم ریاستی حکومت اور محکمہ صحت کی تمام تر وارننگ کے باوجود لوگوں پر کوئی اثر نہیں پڑ رہا ہے، جس سے حالات مزید بگڑنے کا خدشہ ہے۔
کورونا وائرس کی دوسری لہر کے سبب کورونا کے نئے کیسز میں تیزی سے اضافے کے مدنظر ریاستی حکومت کی سخت ہدایت کے باوجود عوامی مقامات اور پبلک ٹرانسپورٹ میں کورونا گائیڈ کی دھجیاں اڑائی جا رہی ہے۔
پبلک ٹرانسپورٹ میں سفر کے دوران کسی کے چہرے پر ماسک ہوتا ہے تو کسی کے چہرے پر نہیں۔ کوئی ہینڈ سنٹائزار استعمال کرتا ہے تو کوئی نہیں۔ خاص طور پر پبلک ٹرانسپورٹ بس، آٹو رکشہ، ٹیکسی وغیرہ کے ذریعہ سفر کرنے والوں پر ریاستی حکومت کی ہدایت کا کوئی اثر دکھائی نہیں دیتا ہے۔
ای ٹی وی بھارت کے نمائندے نے پرائیویٹ بسوں کے ذریعہ سفرکرنے والے مسافروں سے موجودہ صورتحال پر بات چیت کی۔ مسافروں کا کہنا ہے کہ لوگوں میں بیداری کی کمی کی وجہ سے یہ بیمار بھیانک شکل اختیار کر چکی ہے۔ لوگوں کو اس بیماری سے متعلق زیادہ سے زیادہ جانکاری و معلومات اکٹھا کرنے کی ضرورت ہے، تاکہ اس سے بچا جا سکے۔'
لوگوں کا کہنا ہے کہ' پرائیویٹ بسوں اور دوسری گاڑیوں میں کورونا گائیڈ لائن کو کوئی اہمیت نہیں دی جاتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ بس کے ڈرائیور اور کنڈیکٹر ماسک کا استعمال نہیں کرتے ہیں۔ بغیر ماسک پہنے بسوں پر سوار ہونے والوں کو بھی کچھ نہیں کہتے ہیں۔ مسافروں کے مطابق پرائیویٹ بس یاپھر دوسری گاڑیوں کے ذریعہ سفر کرتے ہیں تو آپ خود کو جتنا ممکن ہو سکے وتنا حفاظتی تدابیر کریں۔ اسی میں ہم سبھوں کی بھلائی ہے'۔
واضح رہے کہ ریاستی حکومت نے کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے مدنظر عوامی مقامات اور پبلک ٹرانسپورٹ کے لیے سخت گائیڈ لائن جاری کیے ہیں۔
ریاستی سکریٹریٹ بلڈنگ نبنو کےمطابق سفر کے دوران ماسک اور ہینڈ سنٹائزار کے استعمال کو لازمی قرار دیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی کورونا گائیڈ لائن کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی اور جرمانے کا انتباہ دیا ہے۔ مغربی بنگال میں کورونا وائرس کی دوسری لہر کے تیزی سے پھیلنے کا سلسلہ جاری ہے۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا کے 16 ہزار کے قریب نئے کیسز سامنے آئے ہیں 57 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔'
مغربی بنگال میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مسلسل چھٹے روز 15 ہزار سے زائد نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔ 15 ہزار 884 کورونا وائرس کے نئے کیسز کی تصدیق ہوئی ہے، جبکہ 57 لوگوں کی موت ہوئی ہے۔
دارالحکومت کولکاتا اور شمالی 24 پرگنہ اس بیماری سے سب سے زیادہ متاثر ہے۔ کولکاتا میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران تین ہزار 240 کورونا کے نئے کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ شمالی 24 پرگنہ میں نئے مریضوں کی تعداد تین ہزار 140 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی ہے۔ مغربی بنگال میں کورونا وائرس کے مریضوں کی کل تعداد سات لاکھ 43 ہزار تک پہنچ چکی ہے جبکہ اس بیماری سے اب گیارہ ہزار لوگوں کی موت ہو چکی ہے'۔